وزیراعظم نے چینی کی برآمدپرپابندی لگادی
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمت کم رکھنے کے لیے اس کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کردی ،جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کافیصلہ کیاگیاہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بڑے فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کردی جو کہ پورے سال نافذ رہے گی۔ذرائع کے مطابق ملک میں ضرورت کے مطابق چینی کی وافر مقدار کے ساتھ اضافی ذخیرہ بھی موجود ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کا مقصد ملک میں چینی کی قیمتوں کو کم کرنا اور عوام کو ریلیف دینا ہے ضرورت کے مطابق ملک میں چینی کا وافر اور اضافی ذخیرہ موجود ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سرپلس چینی ہونے پر برآمد پر پابندی لگانے کی منظوری دی ہے۔گزشتہ روز وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کی قیمتوں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔وزارت صنعت و پیداوار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، حکومت ایسی میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتی ہے اور یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا کی سمری مسترد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے رواں ماہ قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔اس سے قبل گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کی، اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر تیار کردہ سمری پیٹرولیم ڈویڑن کو بھیجوائی۔