پنجاب کانیاوزیراعلیٰ کون ،پرویزالہٰی یاحمزہ شہباز،فیصلہ کل ہوگا
شیئر کریں
پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کل ( ہفتہ) کے روز پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ہو گی ، متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار کے استعفے کے بعد پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کیلئے ووٹنگ کل ( ہفتہ) 16اپریل پنجاب اسمبلی میں ہو گی جس کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے اجلاس کو کون پریذائیڈ کرے گا اس کے لئے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اور ممکنہ طو رپر آج جمعہ کے روز اس کا فیصلہ ہو جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کو تحریک انصاف کے جہانگیر ترین اور علیم خان گروپوںکی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی حمایت حاصل ہے اور دونوں جانب سے ہی اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نجی ہوٹل میں علامتی اجلاس منعقد کر کے 199ووٹرز کو شو کر دیا گیا ہے او راب دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے ووٹنگ تقسیم کے ذریعے ہو گی ۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کے پیش نظر پولیس کی جانب سے بھی فول پروف سکیورٹی کی تیاریاں جاری ہیں جس کے تحت پنجاب اسمبلی کی عمارت کے اطراف میں بھاری تعداد میں نفری تعینات کی جائے گی ۔