وزیراعظم شہبازشریف کادورہ کراچی ،بہادر آباد آمدکاامکان
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار ) ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت پر وفاق میں آئینی عہدہ لینے پر دباؤ بڑھنے لگا ،سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر یا گورنر سندھ کا عہدہ لینے کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف آج دورہ کراچی پر بہادرآباد مرکز کا دورہ کرینگے جس میں متحدہ قیادت کی جانب سے اپنی خواہشات کا اظہار کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قیادت کو وفاق میں وزارتوں پر دلچسپی لینے کے بجائے آئینی عہدہ لینے کی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت حکومتی اتحادی جماعت نے ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ کے عہدے کے حصول کی کوششیں تیز کر دی ہیں اس ضمن میں ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے گزشتہ روز نومنتخب وزیراعظم کو بھی تمام تر صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے جس پر انکی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے سامنے بھی قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر شپ،گورنر سندھ،پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت سے متعلق اپنے مطالبات رکھے گئے ہیں جس کی حمایت سے متعلق انہیں گرین سگنل مل چکا ہے۔ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے گورنر سندھ کی تعیناتی سے متعلق تین نام بھی فائنل کر لیے گئے ہیں جن میں وسیم اختر،عامر خان اور خواجہ اظہار الحسن شامل ہیں ممکنہ طور پر یہ نام آج وزیراعظم پاکستان کی کراچی آمد پر انہیں دیے جائیں گے۔