شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ ملک کے 23ویں وزیراعظم کے آج ہونے والے انتخاب کا عمل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے ایوان کی کارروائی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں ایوان میں گھنٹیاں بجنے اور دروازے بند ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل ہوا۔ سردار ایاز صادق نے شہباز شریف کے ملک کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کو 174 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ شاہ محمود کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔ اس کے ساتھ ہی ایوان میں ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نعرے بلند کیے۔ خیال رہے کہ شہباز شریف آج رات وزیر اعظم پاکستان کا حلف لیں گے۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے وزیراعظم کے امیدوار تھے۔ قومی اسمبلی اجلاس قائم مقام اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت شروع ہوا تاہم انہوں نے کچھ دیر بعد ہی اجلاس کی کارروائی چلانے سے معذرت کرلی۔