میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سابق ایس ایچ او کے قتل کے الزام میں ارشد پپو کا بیٹا گرفتار

سابق ایس ایچ او کے قتل کے الزام میں ارشد پپو کا بیٹا گرفتار

ویب ڈیسک
هفته, ۲۶ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ مقتول ارشد پپو کے بیٹے کو گرفتار کرلیا، ملزم عالم بلوچ کو سابق ایس ایچ او اور ان کے ساتھی کو 22 مارچ کو صدر میں قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل نصر من اللہ اور ایس ایس پی جنوبی رائے اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر اور انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے ملزم عالم بلوچ ولد ارشد پپو کو گرفتار کیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداے کے اہلکاروں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سابق پولیس انسپکٹر چاند خان نیازی اور ان کے ساتھی عبدالرحمن بلوچ کو اپنے والد ارشد پپو کے اغوا کے بعد قتل کرنے کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسر نے بتایا کہ چاند خان نیازی مبینہ طور پر ارشد پپو کے اغوا میں ملوث تھا اور وہ اس مقدمے میں عدالت میں پیشی کے بعد واپس آ رہے تھے جب انہیں صدر میں راجا غضنفر علی روڈ پر گولی مار کر قتل کیا گیا، افسر نے مزید بتایا کہ دوہرے قتل کیس میں ملوث ایک اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔کرنل نصر من اللہ نے بتایا کہ ڈی جی رینجرز نے قتل کیس کے بعد تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ایس ایس پی جنوبی اعجاز احمد نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ جن حالات میں ارشد پپو کو اغوا کرکے قتل کیا گیا، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے قتل کے انتقام کو بنیادی مقصد بتایا ہے لیکن مزید تفتیش کے بعد اصل محرکات بتانے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔رینجرز کے کرنل نصر من اللہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کافی کوششوں کے بعد کراچی میں امن بحال ہوا اور ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ لیاری میں گینگ وار کے عناصر دوبارہ متحرک ہو رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں گینگ وار عناصر کا لیاری میں ایک ‘بڑا نیٹ ورک’ تھا، جسے آپریشن کے دوران ختم کر دیا گیا، آپریشن کے دوران گینگ وار کے کچھ کارندے مارے گئے، کچھ کو گرفتار کیا گیا جبکہ کچھ عناصر روپوش ہیں۔رینجرز کے افسر کا کہنا تھا کہ گینگ وار کے ملزمان لیاری میں سرگرم نہیں ہیں جبکہ گرفتار ملزم نے بھی دوہرے قتل کے پیچھے محرک دشمنی کو قرار دیا ہے۔رینجرز اہلکار کا زور دیتے ہوئے واضح طور پر کہنا تھا کہ ان کے پاس گینگ وار کے عناصر کی موجودگی کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں جبکہ ہر ماہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ایک اجلاس ہوتا ہے جس میں جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔ایس ایس پی جنوبی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم واردات کے وقت موٹر سائیکل پر سوار تھا، گرفتار ارشد پپو کے بیٹے کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، تاہم، شریک ملزم کا ماضی کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں