امریکا کی پہلی خاتون وزیرخارجہ میڈلین البرائٹ چل بسیں
شیئر کریں
امریکا کی پہلی خاتون وزیرخارجہ میڈلین البرائٹ چل بسیں۔ ان کی عمر 84 برس تھی اور وہ ایک عرصے سے سرطان کے مہلک مرض کا شکار تھیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق البرائٹ خاندان نے ایک بیان میں ان کی موت کی اطلاع دی اور کہا کہ انھوں نے خاندان اور دوستوں کے حصار میں وفات پائی ہے۔ وہ ایک محبت کرنے والی والدہ، دادی اماں ، بہن اور دوست تھیں۔ وہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی ان تھک چیمپئن تھیں۔البرائٹ بچپن میں خاندان کے ہمراہ دوسری عالمی جنگ کے دوران میں اپنے آبائی وطن چیکوسلواکیہ سے نازیوں کے مظالم سے جان بچا کرامریکا پہنچنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔ سابق صدر بل کلنٹن نے1993 میں اپنا منصب سنبھالنے کے فوری بعد اقوام متحدہ میں البرائیٹ کوامریکا کی سفیر مقرر کیا تھا اور تین سال کے بعد1996 میں انھیں وزیر خارجہ نامزد کیا تھا۔1997 میں سینیٹ نے ان کے تقررکی تصدیق کی تھی۔ اس وقت وہ امریکی حکومت کی تاریخ میں کسی اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔