میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں ان پر ہمیں اعتراض نہیں،مرادعلی شاہ

ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں ان پر ہمیں اعتراض نہیں،مرادعلی شاہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۴ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں یہ ملک آئین کے مطابق چلائیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹوکیخلاف جب عدم اعتماد پیش ہوا تو چند دنوں میں اس پر ووٹنگ ہوئی تھی، عدم اعتماد کی تحریک میں ملک کا نقصان نہیں ہوگا۔کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی رکھے، صوبائی وزرا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں ان پر ہمیں اعتراض نہیں،مردم شماری کے معاملے پر سندھ کی دیگر جماعتوں نے ہم سے تعاون نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے بلدیاتی قانون پر بہت سی تجاویز مانی ہیں،بلدیاتی قانون نئی تجاویز کے ساتھ اسمبلی میں پیش ہوا اور کمیٹی کے پاس ہے، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے اراکین موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سپیکر قومی اسمبلی سے متفق نہیں ہوں، سپیکرقومی اسمبلی نے آئین پر عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب نے درست کہا ہے اگلا سال گذشتہ سال سے بہتر ہوگا۔یوم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ 23مارچ 1940 کے بعد ملک کے حصول کے لئے ایک منظم جدوجہد کی گئی تھی، یہ ملک بڑی جدوجہد کے بعد حاصل کیا اور اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے، ہم سب کو ملک اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہئے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں تمام مذاہب اور عقائد کے لوگوں کا احترام اور عزت کرنی چاہئے،آج کے دن ہمیں پاکستان کی سلامتی کا عہد کرنا چاہیے، ہمارا ملک کافی مشکلات سے گزرا ہے اور اب بھی مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے، کشمیر میں ظلم اور بربریت جاری ہے،ہم مل کر اپنی سرحدوں اور آئین کا تحفظ کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں