میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
7 منحرف اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں، فواد چودھری

7 منحرف اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں، فواد چودھری

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۰ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعوی کیا ہے کہ منحرف ہونے والے 7 اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں اور اتحادیوں سے بھی ہمیں امید ہے کہ ان کا بھی فیصلہ چند دن یا 24 گھنٹوں میں ہی آ جائے گا۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نیکہا کہ جہانگیر ترین گروپ سے پرویز خٹک اور میری بھی بات ہوئی تھی، انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ حتمی فیصلہ ہماری مشاورت سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ شطرنج بھی ہمارے پاس ہے، چالیں بھی ہمارے پاس ہیں اور مستقبل بھی ہمارے پاس ہے، یہ لوگ جو بادشاہ کو گرانے نکلے تھے ان کو پتا ہی نہیں تھا کہ راستے میں کتنی مشکلات آنی ہیں، ان کو معلوم ہی نہیں ہے کہ جانا کدھر ہے، انہیں اندازہ نہیں ہے کہ عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری خواہش ہے کہ اجلاس جلدی بلایا جائے تاکہ یہ معاملہ ختم ہو اور دوبارہ ملکی معیشت کی جانب توجہ دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام لوگوں کو میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ احتجاج ہمارا حق ہے لیکن پرتشدد رویہ نہیں اپنانا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت پہلے کہیں جارہی تھی، نہ اب کہیں جارہی ہے اور نہ اس کے بعد کہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کل پورے پاکستان میں جو پرامن احتجاج ہوا ہم اسے سراہتے ہیں، امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہمارے معاشرے کی بنیاد ہے، اسی لیے وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی چوک میں ہمارے جلسے کا عنوان امر بالمعروف یعنی نیکی کی تلقین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نجیب ہارون اپنے قد کے حساب سے باتیں کریں، مائنس عمران خان کی صورت میں پی ٹی آئی کیا ہے؟انہوں نے بتایا کہ آج ہونے والے اجلاس میں 5 روپے بجلی سستی ہونے پر ہم نے حماد اظہر کا شکریہ ادا کیا ہے۔اس موقع پر وزیر توانائی حماد اظہر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منحرف اراکین میں سے کچھ ایسے لوگ ہیں جنہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور وہ اب ہم سے دوبارہ رابطے کررہے ہیں، عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالنے سے پہلے تک ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنائیں گے اور عمران خان پہلے سے بھی زیادہ مضبوط لیڈر کے طور پر ابھریں گے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے فلور کراسنگ کا قانون پاس کیا تھا آج وہی لوگ اس کی مخالفت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف پرامن احتجاج کے حامی ہیں، اگر منحرف اراکین سے عوام حساب مانگنے کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں تو یہ قوم کے زندہ ہونے کی نشانی ہے۔اس سے قبل اسلام آباد میں فواد چوہدری نے میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن غیرجمہوری طریقوں سے عمران خان کو نہ ہٹائے اور اپنی سیاست کرے، یہ حق عوام کو حاصل ہے کہ وہ کس کا انتخاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان پر بات چیت ہونی چاہیے، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اتنی تلخیاں پیدا نہ کریں کہ ساتھ بیٹھنا ہی مشکل ہوجائے، تلخیاں بڑھ رہی ہیں جنہیں کم ہونا چاہیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں