ڈی جی سیپا اپنے احکامات پر عملدرآمد میں ناکام
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)محکمہ ماحولیات سندھ کے ماتحت سیپا کی ایک اورنااہلی سامنے آگئی، ناگوری کالونی گڈاپ میں جانوروں کا گوبر ملیر ندی میں پھینکا جانے لگا،ڈی جی سیپا اپنے ہی احکامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہوگئے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کے ماتحت سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی (سیپا) کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل نے گزشتہ برس ناگوری سوسائٹی گڈاپ کے صدر کے نام پر لیٹر ارسال کرکے انکشاف کیا کہ ای پی اے کی ٹیم نے ناگوری سوسائٹی کا دورہ کیا، دورے کے دوران مشاہدہ کیا گیا کہ جانوروں کا گوبر اور کچرہ کھلے عام پھینکا جاتا ہے اور وہ گوبر ملیر ندی میں جاتا ہے ، ملیر ندی میں گوبر پھینکے کے باعث ندی میں آلودگی پھیل رہی ہے ، فطری ماحول خراب ہورہا ہے اور ایکو سسٹم پر شدید اثرات ہور ہے ہیں، ماحولیاتی مسائل کی سنجیدگی کے باعث ناگوری سوسائٹی کے صدر کو 2 بار سیپا آفس طلب کیا گیا لیکن پیش ہوئے نہ کوئی جواب داخل کروایا، جس کے بعد ڈی جی سیپا نے احکامات جاری کئے کہ ناگوری سوسائٹی گڈاپ میں جانوروں کا گوبر ملیر ندی میں پھینکنا بند کیا جائے،باڑے کے اندر گوبر جمع کرنے کے انتظامات کئے جائیں، نکاسی آب کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ 3 ماہ کے اندر نصب کئے جائیں،ماحولیاتی آلودگی کے پھیلائو کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل کی واضح ہدایات کے باوجود ناگوری سوسائٹی گڈاپ میں جانوروں کا گوبر ملیر ندی میں پھینکا جارہا ہے جس سے ملیر ندی میں شدید ماحولیاتی خطرات ہیں۔