پی ٹی آئی نے بلاول کے اسلام آباد لانگ مارچ کاتوڑنکال لیا
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے اسلام آباد لانگ مارچ کا توڑ نکال لیا، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی 26 فروری سے سندھ مارچ کرکے لاڑکانہ، نوابشاہ اور سکھر سمیت 16 اضلاع میں مارچ کریں گے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، پی پی کا مارچ مزار قائد سے شروع ہوگا، پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے مقابلے کیلئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین 26 فروری کو گھوٹکی میں حکومت سندھ کے خلاف پہلا پاور شو کریں گے اور بعد میں سکھر پہنچ کرریلی سے خطاب کریں گے، شاہ محمود قریشی 27 فروری کو شکارپور اور جیکب آباد کے دورے کے بعد پی پی کے گڑھ اور بلاول کے حلقہ لاڑکانہ میں ماحول گرمائیں گے، وہ مارچ کے تیسرے دن خیرپوراور نوشہروفیروز میں ریلیاں نکالنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کے آبائی شہر نوابشاہ میں جلسہ کریں گے، وزیر خارجہ سندھ مارچ کے دوران یکم مارچ کو سانگھڑ اور میرپورخاص میں سیاسی سرگرمیاں کریں گے، مخدوم شاہ محمود قریشی 2 مارچ کو عمرکوٹ اور مٹھی میں جلسوں سے خطاب کریں گے، وہ بعد میں بدین، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈوالہیار ، مٹیاری اور حیدرآباد پہنچیں گے، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سندھ مارچ کے اختتام پر5 مارچ کو کراچی میں پاور شو کریں گے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین سندھ کے 18 اضلاع میں سیاسی جلسے، ریلیاں منعقد کرکے کارکنوں کو گرمائیں گے اور پی ٹی آئی رہنمائوں سے خصوصی ملاقاتیں کرکے وفاقی حکومت کے اقدامات کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے، سیاسی سرگرمیوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ پر تقریر کریںگے۔