کراچی ، حیدر آباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی
شیئر کریں
پاکستان اور صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 46 فیصد سے متجاوز ہو گئی۔ملک میں کوروناوئرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز اور فعال کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کے روز ملک بھر میں کوروناوائرس کے 7678نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو پاکستان میں گذشتہ 23ماہ کے دوران ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مہلک عالمی وباء کوروناوائرس کے مزید23مریض انتقال کر گئے ،این سی اوسی نے کوروناسے زیادہ متاثرہ علاقوں میں اسکول ایک ہفتے کیلئے بندکرنے کی ہدایت کردی ،محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 46 اعشاریہ 58 فیصد پر جا پہنچی ہے۔محکمہ صحت ذرائع کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 760 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔ان ٹیسٹ کے نتیجے میں 3 ہزار 149 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ادھر سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 17 اعشاریہ 27 فیصد ہو گی۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حیدر آباد میں 1 ہزار 401 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 242 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 16 ہزار 874 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 7 ہزار 727 ہو گئیں۔کورونا کے خطرناک پھیلا کے پیش نظر کراچی اور حیدر آباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کردی گئی ، پابندی کا اطلاق 24 جنوری کے بجائے جمعہ سے ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کے مثبت کیسوں میں اضافے کے بعد بڑے شہروں کراچی اور حیدر آباد میں آج سے انڈور ڈائننگ پر پابندی لگا دی۔محکمہ داخلہ نے انڈور ڈائننگ پرپابندی کیلئے ترمیمی نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انڈور تقریبات پر بھی پندرہ فروری تک پابندی عائد کی گئی تاہم آوٹ ڈور تقریبات میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔