شاہ رخ کو قتل کرنے کے بعد ہلاک پولیس اہلکار کہاں گیا، کیا کرتا رہا؟
شیئر کریں
شہرقائد کے علاقے کشمیر روڈ پر ماں بہن کے سامنے نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے کے بعد ہلاک پولیس اہلکار فرزند جعفری اپنے دوست کے ساتھ کہاں گیا اور کیا کچھ کرتا رہا، اس حوالے سے گرفتار ملزم عمران نے اہم انکشافات کئے ہیں۔سیکشن 54 کی بنیاد پر گرفتارملزم عمران نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ فرزند نے مجھے سستا اسلحہ دلانے کا وعدہ کیا تھا،میں فرزند کے ساتھ کشمیر روڈ سے جارہا تھا کہ رکشہ دیکھ کر اچانک سے فرزند نے راستہ تبدیل کیا۔ملزم نے بتایا میں نے کہا ہم نے یہاں تو نہیں جانا تھا، اس نے کہا کام ہے، اس نے رکشے میں خواتین کو سونے کے زیورات پہنے دیکھا ہوگا ، مجھے کہا اترو اور خود رکشے کے پیچھے چلا گیا۔عمران نے تفتیشی افسر کو بیان میں بتایا جب وہ واپس آیا تو چہرہ چھپایا ہوا تھا، میں نے پوچھا منہ کیوں چھپایا ہے، فرزند جعفری نے کہاکہ مجھے سردی لگ رہی ہے چلو، جس کے بعد ہم وہاں سے پہلے صدر میں اسلحے کی دکان پرگئے، صدر مارکیٹ سے ہم پھراورنگی ٹائون میٹروول اسلحہ شاپ پر آگئے۔گرفتار ملزم نے بتایاکہ اسلحہ کی دکان پر پہنچتے ہی فرزند نے جیکٹ اتاردی، پھر میں نے پوچھا کیا ہوا تو کہا گرمی لگ رہی ہے، میں حیران ہوگیا، اسلحے کی دکان پر فرزند جعفری انتہائی اطمینان سے بیٹھا رہا، اسے دیکھ کر بالکل نہیں لگ رہا تھا جیسے کچھ ہوا ہو۔ملزم عمران نے بتایا کہ جب وہاں سے میں گھر چلا گیا تو ٹی وی پر خبر دیکھی، تب مجھے یقین ہوگیا یہ واردات فرزند جعفری نے کی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے کیس کی مکمل رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔