میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مری میں سیاحوں پرقیامت ٹوٹ پڑی ،برف کے طوفان میں دھنس کر22جاں بحق

مری میں سیاحوں پرقیامت ٹوٹ پڑی ،برف کے طوفان میں دھنس کر22جاں بحق

ویب ڈیسک
اتوار, ۹ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

مری میں شدید برف باری کے باعث دم گھٹنے سے ایک خاندان کے 8 اور دوسرے خاندان کے 5 افراد سمیت 22 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق مری میں برفباری کے دوران ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہو چکی ہے جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ روڈ بند ہونے کی وجہ سے کئی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔مری میں شدید برفباری اور رش میں پھنس کر 22 افراد کی ہلاکت کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، برفباری میں پھنسے افراد کی آوازیں انتظامیہ تک ضرور پہنچیں لیکن انتظامیہ متاثرہ افراد تک نہیں پہنچی، لوگ 20 گھنٹے تک آسمان سے گرتی برف میں پھنسے رہے ،گاڑیاں دھنس گئیں،گاڑیوں میں پناہ لیے بے بس افراد کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا کہ وہ گاڑی بند کرکے حکومتی امداد کا انتظار کریں ، اسی انتظار میں انتظامیہ تو نہ پہنچی لیکن موت آن پہنچی ، لوگ اپنی گاڑیوں میں دم توڑ گئے۔مری کے علاقوں جھیکا گلی اور گلڈہ میں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں ، امداد کے لیے پکار رہے ہیں۔ایک گاڑی میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد مردہ پائے گئے جبکہ ایک گاڑی میں 4 دوستوں کو موت نے ایک ساتھ آ دبوچا۔ ریکسیو اہلکاروں نے گاڑیوں کے دروازے کھولے تو اندر لوگوں کی لاشیں ملیں۔جس گاڑی سے 8 لاشیں ملیں اس میں جاں بحق افراد میں اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی تین بیٹیاں، بیٹا، بہن، بھانجی اور بھتیجا شامل ہیں۔مری میں سیر و تفریح کے لیے آنے والے4 دوستوں نے برف پر سیلفی بھی لی تھی جو کہ ان کی زندگی کی آخری سیلفی ثابت ہوئی، سیلفی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین گہرے دکھ اور غم کا اظہار کر رہے ہیں۔انتظامیہ ریسکیو کیلئے برف باری رکنے کا انتظار کرتی رہی لیکن موت نے انتظار نہیں کیا، سیر و تفریح کے لیے مشہور مقام مری میں سانحہ برپا ہوگیا۔ واقعے پر ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے جبکہ لوگ انتظامیہ کی غفلت پر شدید غم و غصے کا بھی اظہار کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں،تفصیلات کے مطابق مرنے والوں میں زاہد ولد ظہور عمر 27 سال کمال آباد گاڑی کیری بولان، اشفاق ولد یونس عمر 31 سال گوجرانوالہ کار نمبر LEA-9312، معروف ولد اشرف عمر 31 لاہور کار نمبر LEA-9312، نامعلوم مرد عمر 30 لاہور کار LEA-9312، نوید اقبال ولد مراقب اے ایس آئی اسلام آباد پولیس عمر 49 ، اہلیہ نوید اقبال عمر 43 سال اور ان کے چار بیٹیاں دو بیٹے کار نمبر 483 شامل ہیں۔دیگر میں اسد ولد زمان شاہ عمر 22 ، مردان، محمد بلال ولد غفار عمر 21 مردان، محمد بلال حسین ولد سید غوث خان عمر 24 کراچی کار نمبر VXR-424،محمد شہزاد ولد اسماعیل عمر 46 راولپنڈی، اہلیہ مسز شہزاد عمر 35 سال اور ان کے دو بچے بھی مرنے والوں میں شامل ہیں ۔گاڑیوں میں ٹھٹھر کر انتقال کر جانے والوں میں ایک اور خاندان کے پانچ افراد شامل ہیںجن میں 46 سالہ محمد شہزاد ولد اسماعیل، ان کی 35 سالہ اہلیہ اور 2 بچے بھی شامل ہیں ،ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 27 سالہ زاہد ولد ظہور شامل ہے جس کا تعلق کمال آباد سے ہے۔اس دوران گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 31سالہ اشفاق ولد یونس عمر، لاہور سے 31 سالہ معروف ولد اشرف بھی دم گھٹنے کے باعث انتقال کر گئے۔پھنسی ہوئی گاڑی میں انتقال کرنے والوں میں 21 سالہ محمد بلال ولد غفار، 24 سالہ محمد بلال حسین ولد سید غوث بھی شامل ہیں۔ریسکیو حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مری میں پھنسنے والی گاڑی میں سردی کے باعث ٹھٹھر کر انتقال کرجانے والے ایک شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ۔مری میں دو روز سے برفباری جاری تھی اور گزشتہ رات بھی برفباری جاری رہی۔ صبح جب شہریوں نے برفباری میں پھنسی گاڑیوں کے دروازے کھولنے کی کوشش کی تو کئی گاڑیوں میں سیاح بے ہوش تھے یا پھر ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے سردی کے باعث دم گھٹنے سے کم از کم 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ملکہ کوہسار کا رخ نہ کریں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں