اسٹاک مارکیٹ کریش، سرمایہ کاروں کے 332ارب ڈوب گئے
شیئر کریں
پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کے روز کریش ہو گئی ،کے ایس ای100انڈیکس 2ہزار پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45ہزاراور44ہزار پوائنٹس کی دو نفسیاتی حد سے نیچے گر گیا اور43200پوائنٹس کی پست ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 332ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اور سرمائے کا مجموعی حجم 77کھرب روپے سے گھٹ کر74کھرب روپے رہ گیا ،شدید ترین کاروباری مندی سے 92.60فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔جمعرات کو پاکستان اسٹاک کا بھٹہ بیٹھ گیا ۔ نومبر میں تجارتی خسارے میں اضافے کے باعث سرمایہ کار محتاط ہوکر ٹریڈنگ کررہے ہیں اور اس وقت حصص کی فروخت زیادہ ہے جس کے باعث 100 انڈیکس سمیت تمام انڈیکس میں مندی کا رجحان غالب رہا ، رواں ماہ مہنگائی کی شرح میں اضافہ اور14 دسمبر کو اگلی مانیٹری پالیسی میں مہنگائی کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد اضافے کے خدشے پرسرمایہ کاروں تشویش بڑھ گئی ہے اور سرمایہ کار نہ صرف محتاط ہوکر حصص کی ٹریڈنگ کر رہے ہیں بلکہ منافع کیلئے بڑی فروخت کو بھی ترجیح دے رہے ہیں دوسری جانب 5ماہ میں روپے کی قدر 15فیصد کی مزید کمی اور ملکی قرضے50کھرب روپے تک پہنچنے کیساتھ 3سال میں 20کھرب روپے کا اضافہ ہونے جیسی خبروں پر انویسٹرز ملکی معیشت کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای 100انڈیکس میں2134.99پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 45369.14پوائنٹس سے کم ہو کر43234.15پوائنٹس ہو گیا اسی طرح877.90پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 17575.86پوائنٹس سے کم ہو کر 16697.96پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس30953.66پوائنٹس سے گھٹ کر29628.67پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں303کھرب32ارب26کروڑ74لاکھ 75ہزار411روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ77کھرب50ارب89کروڑ85لاکھ87ہزار75روپے سے گھٹ کر74کھرب18ارب63کروڑ11لاکھ11ہزار664روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 14ارب روپے مالیت کے 38کروڑ67لاکھ53ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو9ارب روپے مالیت کے 24کروڑ10لاکھ69ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔