یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، شہباز شریف
شیئر کریں
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ یکم دسمبر سے مزید قیامت خیز مہنگائی آنے والی ہے، ملک کو معاشی کھائی میں دھکیل دیا گیا ہے، جلد کچھ نہ کیاگیا تو واپسی بھی ناممکنات میں سے ایک مسئلہ بن جائے گی۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ ڈالر کی تاریخی بلندی اور روپے کی گرتی قدر معاشی پالیسی درست نہ ہونے کا ثبوت ہے، ملک میں عوام کی منتخب حکومت ہوتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔شہباز شریف نے کہا کہ جب وزارت خزانہ مشیر خزانہ کی تردید کرے اور جھوٹے اعداد و شمار دیئے جائیں تو معیشت کا ایسے ہی دھڑن تختہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ تجارتی خسارہ ملکی معاشی تباہی کے خطرناک اشارے ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارے کی بلند ترین سطح معاشی غلط سمت کی دلیل ہے، قرض، مہنگائی، خسارے، ڈالر ہر چیز ریکارڈ توڑ چکی ہے۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈالر کی تاریخی بلندی کو معاشی تباہی کے طوفان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی پرواز مہنگائی کی جلتی آگ پر تیل کا کام کررہی ہے، خدارا آنکھیں کھولی جائیں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی تباہی سے ایسا طوفان آئے گا جس میں فیٹف اور دیگر مسائل بھول جائیں گے، محب وطن قوتیں معاشی تباہی پر حب الوطنی کے جذبے سے سوچ بچار کریں۔