پیپلزپارٹی کا 17 اکتوبرکو کراچی میں جلسے کا اعلان
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی نے 17 اکتوبر کو کراچی میں بڑا سیاسی شو کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔جلسے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملوں کی یاد میں 17 اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں بڑاسیاسی جلسہ کرنے کااعلان کیاہے۔ جلسے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔جلسے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بھرپور انداز میں تیاریاں بھی شروع کردی ہیں، جلسے کے لئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی نے ڈپٹی کمشنر کراچی شرقی کے دفتر میں درخواست بھی جمع کروائی ہے۔ پیپلز پارٹی نے درخواست میں لائوڈ اسپیکرزکے استعمال کی اجازت بھی طلب کی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی و مقامی لیڈروں کو جلسے میں کارکنوں کو مکمل ایس او پیز کے تحت لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو طویل خودساختہ جلاوطنی کے بعد وطن لوٹی تھیں، اس دوران ان کے قافلے پر یکے بعد دیگرے 2 خودکش حملے ہوئے تھے جس میں درجوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔