میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سپریم کورٹ،چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد

سپریم کورٹ،چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۶ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے تقرر کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔عدالت عظمیٰ کے قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سکندر سلطان راجا کی بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔دوران سماعت قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے درخواست گزار علی عظیم آفریدی نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں کوئی حاضر سروس جج بطور رکن کام نہیں کر رہے۔قائم مقام چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کہتے ہیں ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا؟جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست گزار وکیل سے دریافت کیا کہ آپ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت ہونی چاہیے، کیا آپ نے چیئرمین نیب تعیناتی کیس کا فیصلہ پڑھا ہے؟قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین نیب جوڈیشل افسران نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ درخواست میں آپ نے آئینی ترمیم کو بھی چیلنج کیا ہے، آئین کے مطابق کسی آئینی ترمیم کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔عدالت نے درخواست گزار کو کہا کہ آپ کی کوشش کو سراہتے ہیں کہ آپ نے آئینی نقطہ اٹھایا۔بعدازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے علی اعظم آفریدی کی اپیل بمعہ آئینی درخواست خارج کر دی۔خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں سکندر سلطان راجا کو 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔حکومت اور اپوزیشن، ای سی پی سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد ان کے نام پر متفق ہوئی تھیں تاہم حال ہی میں حکومت کی جانب سے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کے استعمال پر اصرار پر الیکشن کمیشن کے اعتراض کے باعث حکومتی وزرا اور عہدیداران کی جانب سے کمیشن اور اس کے سربراہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں