شہباز شریف کو پارٹی کی طرف سے وزیر اعظم نامزد کرنے پر حمایت کر ینگے، مریم نواز
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہبازشریف کوپارٹی وزیراعظم کیلئے نامزد کرتی ہے تو ان کی حمایت کرینگے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو گئی، پی ٹی آئی پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے ہر کونے میں ناکام ہوئی ہے ، ملک میں تبدیلی ضرور آئے گی، جھوٹی اور جعلی تبدیلی سے عوام کی جان چھوٹے گی،حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں ، نمائندہ حکومت نہ ہو تو عوام اسے مسترد کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے عدالت سے حقائق سامنے لانے کے لیے وقت مانگا ہے۔ عدالت اور قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں کہ میرے خلاف کیس کیسے بنے، میرے کیس کے دلائل بہت مضبوط ہیں اور بینچ کے سامنے واضح کیا کہ کیس کے میرٹ پر بحث سے قابل ایک درخواست جمع کرانا چاہتی ہوں،میرے خلاف ایون فیلڈ کیس انتقام پر مبنی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پیش کی جانے والی درخواست میں تمام حقائق شامل ہوں گے کہ کیس کیوں بنایا گیا، اس کے محرکات کیا تھے، اس کے پیچھے کون تھا اور کیسے وہ کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اپیل محض انتقام پر مبنی چیزیں ہیں، مذکورہ درخواست میرے وکلا تیار کررہے ہیں اور اسی درخواست کو جمع کرانے کے لیے میں نے عدالت سے وقت مانگا ہے، میرے وکیل امجد پرویز کورونا کی وجہ سے بیمار ہیں، اس لیے انہوں نے 2 روز قبل میرے کیس میں مزید وکالت سے معذرت کرلی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افغان بہن بھائیوں کے فیصلے کوتسلیم کرناچاہئے، افغانستان کے اندرونی معاملات میں ہمیں دخل نہیں دینا چاہئے اور ہر قسم کی مداخلت سے دور رہنا چاہئے، بین الاقوامی برادری کو مل کر افغانستان کی تعمیر نو کرنی چاہئے۔مریم نواز نے پیپلز پارٹی سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب دینے سے گریزکرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کے پیپلز پارٹی سے متعلق بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کوپارٹی وزیراعظم کیلئے نامزد کرتی ہے تو ہم ان کی حمایت کرینگے، جب ا نتخابات کا اعلان ہو گا تو ن لیگ اپنے امیدواروں کے نام بتائے گی۔ جسٹس عائشہ کی سپریم کورٹ میں ترقی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔