حیدرآباد،ایس بی سی اے میں مافیانے پنجے گاڑلیے
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں مافیا نے پنجے گاڑھ لیے، نئے مقرر رینجل ڈائریکٹر بھی پٹہ سسٹم کے آگے بے بس، پٹہ سسٹم لوٹ آنے سے غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کی چاندی ہوگئی، عرس ڈاوچ کی تقرری سے قاسم آباد میں ایک بار پھر غیرقانونی تعمیرات کا کاروبار چل پڑا، ڈپلومہ ہولڈر ڈپٹی ڈائریکٹر عرس ڈاوچ ایس بی سی اے کا طاقتور افسر بن گیا، تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں مافیا نے دوبارہ پنجے گاڑھ لیے ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں پٹہ سسٹم کے تحت ڈپلومہ ہولڈر افسران کی دوبارہ تقرری سے غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے، قاسم آباد سمیت حیدرآباد میں غیرقانونی پراجیکٹس کی تعمیرات و اجازت دینے جیسے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے ڈپلومہ ہولڈر ڈپٹی ڈائریکٹر عرس ڈاوچ کی دوبارہ تقرری سے تعلقہ دیہی اور تعلقہ قاسم آباد میں ایک بار پھر غیرقانونی تعمیرات کا کاروبار چل پڑا ہے۔ ذرائع کے مطابق عرس ڈاوچ نے چارج سنبھالتے ہی مختلف پراجیکٹس کو لیٹر جاری کرکے واپس لینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عرس ڈاوچ پٹہ سسٹم کے سب سے طاقتور افسر سمجھتے جاتے ہیں اور عرس ڈاوچ کو عدالتی احکامات کو روندتے ہوئے ایک بار پھر نہ صرف تعلقہ قاسم آباد اور تعلقہ دیہی بلکہ 3 اضلاع کا چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق واسا سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اتھارٹی حیدرآباد میں ڈیپوٹیشن پر تقرر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشد قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر عرس ڈاوچ اور مقبول قریشی پٹہ سسٹم کے اہم افسر سمجھے جاتے ہیں، ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں دوبارہ تقرر ایک اہم افسر پورے پٹہ سسٹم کو سنبھالتا ہے اور حالیہ تقرریوں کے پیچھے بھی اس اہم افسر کا ہاتھ ہے۔ گزشتہ کئی سال سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد کے تمام معاملات ایک مخصوص مافیا کنٹرول کر رہی ہے، اس مافیا میں شامل افراد اتنے بااثر ہیں کہ ہٹانے کے بعد دوبارہ کچھ ہی دنوں میں منہ مانگے عہدوں پر تعینات ہو جاتے ہیں، ایسی صورتحال میں نئے مقرر رینجل ڈائریکٹر بھی پٹہ سسٹم کے آگے بے بس دکھائی دیتے ہیں۔