افغانستان سے یوکرینی طیارہ ہائی جیک؟یوکرین نے ہی تردیدکردی
شیئر کریں
یوکرین نے کابل سے طیارہ ہائی جیک ہونے سے متعلق اپنے ہی نائب وزیر خارجہ کے بیان کی تردید کردی ۔یوکرین کی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ کابل سے طیارہ ہائی جیک ہونے کا دعوی درست نہیں ہے، کابل یا کہیں اور ایسا یوکرینی طیارہ نہیں جسے ہائی جیک کیا گیا ہو۔ترجمان یوکرین وزارت خارجہ کا اس متعلق کہنا ہے کہ ہم نے طیارے افغانستان سے لوگوں کو لانے کے لیے کابل بھیجے تھے جو اب واپس یوکرین پہنچ گئے ہیں۔یوکرینی وزارت خارجہ نے کہا کہ کابل یا کہیں اور ایسا یوکرینی طیارہ نہیں جسے ہائی جیک کیا گیا ہو۔واضح رہے کہ نائب وزیر یوکرین کے مطابق مسلح ہائی جیکرز کابل سے اتوار کو طیارہ ایران لے گئے ہیں، جبکہ ہائی جیک کیے گئے طیارے میں یوکرین کے باشندوں کے بجائے دوسرے افراد بھی سوار تھے۔دوسری جانب ایرانی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ یوکرینی طیارہ ہائی جیک کرکے ایران لانیکی رپورٹس درست نہیں ہیں۔ایرانی ایوی ایشن کے ترجمان علی اسلانی کے مطابق یوکرین کا طیارہ گزشتہ روز مشہد ایئر پورٹ پر ری فیولنگ کے لیے لینڈ کیا تھا جس کے بعد وہ اپنی منزل یوکرین کی جانب روانہ ہوگیا تھا اور کیو ایئر پورٹ پر رات ساڑھے 9 بجے لینڈ کر گیا تھا۔