کابل پر طالبان کا قبضہ ،نئی دہلی تنہاہوگیا،بھارتی میڈیا مودی سرکار پر برس پڑا
شیئر کریں
افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد مودی سرکار کے گن گانے والا بھارتی میڈیا اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں پر برس پڑا۔بھارتی میڈیا نے کہاکہ افغانستان میں اربوں ڈالرخرچ کیے مگر بھارت کو کوئی پوچھ ہی نہیں رہا،افغانستان میں ڈیم بنائے، انفرا اسٹرکچردیا، لوگوں کوپڑھایا لیکن سب بیکار ہوگیا۔ بھارتی میڈیا نے کہیں افغان فورسز میں کرپشن کا الزام لگایا تو کہیں امریکی اہلکاروں پر مال بنانے کا الزام عائد کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی تنہا ہوگیا، اب بھارت کو چاہیے کہ وہ دور بیٹھ کر میچ دیکھے اور موقع کا انتظار کرے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اپوزیشن رہنما اسد الدین اویسی کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ، برسوں پہلے کہا تھا کہ طالبان سے بات چیت کا راستہ ڈھونڈیں، طالبان کا اقتدارمیں آنا دیوارپرلکھا ہے مگر ہماری نہیں سنی گئی، آج صورتحال سب کیسامنے ہے۔
دوسری جانب ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہاہے کہ بھارت کا رونا دھونا بے سود ہے، بھارت کا رونا دھونا کرپٹ افغان حکومت ختم ہونے پر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو افغان عوام کی بنائی گئی حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے، تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔سہیل شاہین نے کہا کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، ملا بردار قطر میں موجود ہیں، دوحہ میں بات چیت کا آپشن ختم ہوچکا ہے۔ترجمان طالبان نے کہا کہ اشرف غنی عوام کو بتائے بغیر ملک چھوڑ کر چلے گئے، افغانستان کے تمام لوگ قانون کی نظر میں برابر ہیں۔