31 اگست تک ویکسین نہ لگوانے والوں کوکام کی اجازت نہیں ملے گی ،وفاقی حکومت کی ڈیڈلائن
شیئر کریں
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد 31 اگست سے قبل ویکسینیشن کرالیں بصورت دیگر انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،پورے پورے شہر ہفتوں کے لیے بند نہیں کرسکتے،دنیا میں وبا سے رونما ہونے والے مسائل اور نتیجے میں جنم لینے والے حالات کے تناظر میں ڈیٹا پر مبنی نظام تشکیل دیا ، اب ہمیں دوبارہ نظام کو رائج کرنے کی ضرورت ہے،کچھ وقت جائزہ لینے کے بعد ایک اور فہرست پیش کی جائیگی اور اس کیلئے ایک نئی تاریخ رکھی جائے گی،بڑے شہروں میں کورونا کے کیسز کے بڑھنے سے دباؤ ہسپتالوں پر پڑ رہا ہے، کراچی میں نجی ہسپتال پر دباؤ زیادہ ہے ، اگر صورتحال ایسے ہی برقرار رہی تھی نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کام کرنے والے افراد اور 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کیلئے 31 اگست تک ویکسینیش کرانا لازمی ہیچیئرمین این سی او سی نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں تاحال کورونا وبا سے متعلق غیر سنجیدہ رویہ پایا جاتا ہے، ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے کم شرح سندھ، بلوچستان میں ریکارڈ کی گئی۔ہم نے دنیا میں وبا سے رونما ہونے والے مسائل اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے حالات کے تناظر میں ڈیٹا پر مبنی نظام تشکیل دیا اور اب ہمیں دوبارہ اس نظام کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے پورے شہر ہفتوں کے لیے بند کریں یہ مسئلے کا علاج نہیں ہے اور علاج یہ ہے کہ متاثرہ علاقے یا محلے کا اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل کرکے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے اعداد و شمار کا حوالے دے کر بتایا کہ ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے زیادہ شرح اسلام آباد میں 56.4 فیصد جس کے بعد بتدریج خیبرپختونخوا میں 46.6 فیصد، آزاد جموں و کشمیر 42.7 فیصد، گلگت بلتستان میں 37.4 فیصد، پنجاب میں 38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔چیئرمین این سی او سی نے بتایا کہ ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے کم شرح سندھ اور بلوچستان میں ریکارڈ کی گئی جو محض 33 فیصد تھی۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً کراچی میں ہدایات سے متعلق عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کریں گے اور اس سلسلے فوج یا رینجرز کی معاونت بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔اسد عمر نے ویکسین سے متعلق کہا کہ جو لوگ اب بھی ویکسین کی اہمیت نہیں سمجھ رہے اور ان کی وجہ سے دوسروں کی زندگی کو خطرہ ہے تو ایسے حالات میں مخصوص نوعیت کی بندش کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک ویکسین لگوانے والے ہی یکم اگست سے فضائی سفر کرسکیں گے اور اسی طرح سے وہ اساتذہ جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں کرائی وہ اسکول، کالج یا کسی بھی تدریسی مرکز میں جا کر نہیں پڑھا سکیں گے۔