حکومت تباہ حال تاجروں کی دادرسی کرے، ٹیکسزمیں چھوٹ دی جائے ،آفاق احمد
شیئر کریں
چیئر مین آفاق احمدسے شادی ہال ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت مختلف تاجرتنظیموں کے وفود نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے کاروبار کی تباہی سے آگاہ کیا۔آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تاجروں کو تباہی سے بچانے کیلئے حکومت کو انکی دادرسی کرنی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جسطرح ناگہانی آفات کی وجہ سے فصلوں کی تباہی پر زمینداروں کا آبیانہ اور ٹیکس معاف کئے جاتے ہیں اسہی طرح سندھ کے شہری علاقوں کو جہاں کی معیشت زراعت پر نہیں صرف تجارت پر مشتمل ہے آفت زدہ قرار دے کر ٹیکسزمیں چھوٹ دی جائے۔ آفاق احمد نے کہا کہ باربارکے لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی حال کی صنعت جس سے تقریباًچالیس ہزار لوگوں کاروزگار جڑا ہوا مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے،بغیر کسی بھی کاروبارکے یوٹیلیٹی بلزاداکرنے کی وجہ سے اس صنعت سے وابستہ لوگ فٹ پاتھ پر آگئے ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں خصوصاًکراچی کے تاجر ہر اچھے برے حالات میں سندھ اور وفاق کے خزانے میں سب سے زیادہ حصہ ڈالتے رہے ہیں ،انہیں آج صوبائی اور وفاقی حکومت کی داد رسی کی ضرورت ہے اگر آج کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے کاروبارکوتباہ ہونے سے نہ بچایا گیا تو کل ملک چلانے کیلئے کلی طورپر بیرونی قرضوں اورامداد پر انحصار کرنا پڑیگا۔