مودی سرکارکاجاسوسی اسکینڈل ،بھارتی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کاہنگامہ
شیئر کریں
پیگاسس اسپائی ویئر کیس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ممبروں کے نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ تین التوا کے بعد کانگریس ، ترنمول کانگریس ، بائیں اور کچھ دوسری اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ایک بار پھر پریزائیڈنگ آفیسر رما دیوی کے پوڈیم کے سامنے آئے جیسے ہی ایوان کی کارروائی 3 بجے شروع ہوئی تو چوتھی بار نعرے بازی کرنے لگے۔راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیک ارجن کھڑگے نے کہا کہ جاسوسی کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے اور وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں اس پر بحث اور اس کی تحقیقات سپریم کورٹ کے ایک جج کی نگرانی میں کی جانی چاہئے ۔در ایں اثنا لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پیگاسس جاسوسی معاملہ ، کسانوں کے احتجاج سمیت مختلف امور پر حزب اختلاف کے جارحانہ موقف کی وجہ سے لوک سبھا میں تعطل پر حکومت سے تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں اپوزیشن کی طرف سے پارلیمنٹ کی کارروائی میں مسلسل رکاوٹ اور قانون سازی کے کارروائی میں خلل ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔