آٹا،گھی اورچینی کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ ،ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورزمستعفی
شیئر کریں
اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں آٹے کا تھیلا 150 روپے، چینی 17 روپے اورگھی کی فی کلوقیمتوں میں 90 روپے اضافے کی منظوری دے دی۔ جبکہ ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورعمر لودھی اپنے عہدے سے استعفی دیدیا،وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ای سی سی اجلاس میں اشیائے خوردونوش مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ چینی کی فی کلوقیمت میں 17 روپے کا اضافہ کردیا گیا، یوٹیلٹی اسٹور پر چینی 68 روپے کے بجائے 85 روپے کلو دستیاب ہوگی، اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا، 20 کلو آٹا کا تھیلا 800 روپے سے بڑھا کر950 روپے فروخت کیا جائے گا۔ای سی سی اجلاس میں فی کلوگھی کی قیمتوں میں 90 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ 170 روپے کلو ملنے والا گھی اب 260 روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے حکومت نے غریب عوام کا خون چوس لیا، مہنگائی کے باعث دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز کے مینیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرلودھی نے اپنے استعفے کے حوالے سے ابھی کوئی بیان نہیں دیا۔ذرائع نے بتایا کہ عمر لودھی کو مزید تین سال کیلئے ایم ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی، یہ منظوری وزارت صنعت اور یوٹیلیٹی اسٹورز بورڈ نے دی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ذوالقرنین علی خان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز میں آٹے، چینی، گھی کی خریداری میں لمبے ہاتھ مارے گئے ہیں اور انھوں نے اس کا ذمے دار ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی کو قرار دیا تھا، اور کہا تھا کہ عمر لودھی کام نہیں کرتے اور پاسکو سے سستی گندم خرید کر بھی نہیں اٹھائی اور ملوں سے مہنگا آٹا خریدا۔