صدرجی پی اوآفس انتظامیہ نے 63لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرادیے
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار )جرأت کی خبر پر صدر جنرل پوسٹ آفس کی انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی 63 لاکھ روپے قانونی کارروائی کے بغیر قومی خزانے میں جمع کرا دیے گئے۔تفصیلات کے مطابق صدر جی پی او میں 63 لاکھ کے غبن سے متعلق روزنامہ جرأت نے 30 جون کو خبر شائع کی تھی جس کے بعد مذکورہ کرپشن میں انکوائری کا سامنا کرنے والوں کی جانب سے تمام تر رقم خزانے میں جمع کروا دی گئی ہے جس نے ملزمان کی بدنیتی کا پردہ چاق کر دیا ہے۔ ضابطے و قانون کے تحت سرکاری خزانے میں خردبرد / نقصان کو سب سے پہلے ان کلاسیفائیڈ پیمنٹ میں ڈالنا ضروری ہوتا ہے جس پر محکمے کے افسران نے عمل کرنے کو غیر ضروری قرار دے دیا ہے تاکہ قانونی کارروائیوں سے بچا جا سکے 63 لاکھ کی ہیر پھیر کرنے کے الزام میں گریڈ 16 کے محمد جاوید (انجم) کو میمو نمبرStaff/158/GZD/2016ـIIکے تحت 25 جون 2021 کو معطل کیاگیا ہے ،جبکہ گریڈ 9 کے سابق خزانچی شیخ ظہیر الدین اور گریڈ 9 کے کلرک فخر تاحال معطل ہیں۔ دوسری جانب خانہ پْری کے غرض سے اس معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی گریڈ20 کے نااہل افسر منظور احمد پوسٹ ماسٹرجنرل سندھ سرکل کے سپرد کی گئی ہے جنہیں باقاعدہ طور پر کمیٹی کا سربراہ بھی بنایا گیا ہے، تمام تر واقعے پر تحقیقاتی اداروں نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس سے ملزمان کے قانونی کارروائیوں سے بچنے کے امکانات روشن ہیں۔