کووڈ کے سائے میں خواتین کے خلاف تشدد کی وبا
شیئر کریں
انتونیو گوتیریش
ایک ایسے وقت جب دنیا کووڈ-19 کے اثرات سے غیر مساوی طور پر نبرد آزما ہے تو ایک متوازی اور اتنی ہی ہولناک وبا نے دنیا کی نصف آبادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔اس وبا کے ابتدائی مہینوں میں اقوام متحدہ نے پیش گوئی کی تھی کہ قرنطینہ اور لاک ڈاؤن سے ہر تین ماہ بعد صنفی بنیاد پر تشدد کے 15 ملین اضافی واقعات سامنے آسکتے ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ پیش گوئیاں سچ ثابت ہوتی نظر آتی ہیں۔اس ہفتے عالمی رہنما اور دیگر افراد پیرس میں جنریشن ایکویلٹی فورم اور آن لائن صنفی مساوات کے لیے بڑے پیمانے پر زور دینے کے لیے جمع ہوں گے۔ اس اجلاس میں، میں ریاستوں، کمپنیوں اور افراد سے مطالبہ کروں گا کہ وہ ایک عالمی کوشش میں شامل ہوں جس کے ثابت شدہ نتائج برآمد ہوں تاکہ اس خوف اور عدم تحفظ کو ختم کیا جاسکے جس سے بہت سی خواتین اور لڑکیوں کی صحت، حقوق، وقار اور زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔گھریلو تشدد سے لے کر جنسی استحصال، ا سمگلنگ، بچوں کی شادی، خواتین کے جنسی اعضا کو کاٹنے اور آن لائن ہراساں کرنے تک، وبا کے سائے میں پرتشدد نفرت پروان چڑھی ہے۔مکمل ڈیٹا اکٹھا کرنے اور جائزہ لینے میں وقت لگے گا، لیکن رجحانات واضح ہیں۔ اقوام متحدہ نے 12جن ممالک میں مختلف اداروں کو رپورٹ کی گئی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات کی تعداد جو ا سپاٹ لائٹ انیشی ایٹو گلوبل سالانہ رپورٹ میں شائع ہوئی، 2019 سے 2020 تک اس میں 83 فیصد اور پولیس کو رپورٹ کیے گئے مقدمات میں 64 فیصد اضافہ ہوا۔
وبا کے ابتدائی ماہ میں پورے یورپی یونین میں ہیلپ لائنوں پر کالز میں اوسطا 60 فیصد اضافہ ہوا۔ پیرو کی جنسی تشدد کی ہاٹ لائن پر کالز 2019 کے مقابلے میں 2020 میں تقریبا دگنی ہوگئی ہیں۔ تھائی لینڈ میں اپریل 2020 میں ہسپتالوں میں گھریلو تشدد کے ہنگامی یونٹوں کا دورہ کرنے والوں کی تعداد گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دگنی سے زیادہ تھی۔اس طرح کے اعداد و شمار اور کہانیاں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہیں جس سے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی موجودہ وبا میں اضافہ ہوا ہے۔ اس وبا سے قبل عالمی ادارہ صحت نے اندازہ لگایا تھا کہ ہر تین میں سے ایک عورت کو اپنی زندگی میں مردانہ تشدد کا سامنا کرنا پڑے گا۔ابھی ایک سال پہلے، میں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی۔ دنیا میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے میں نے گھروں میں امن قائم رکھنے کی اپیل کی، جنگی علاقوں سے لے کر لوگوں کے گھروں تک ہر جگہ ہونے والے تمام تشدد کا خاتمہ، تاکہ ہمیں یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ انسانیت کے مشترکہ دشمن وبا کا سامنا کرنے کا موقع ملے۔
140 سے زائد ممالک نے حمایت کا اظہار کیا۔ 149 ممالک میں تقریبا 800 اقدامات اپنائے گئے ہیں جن میں اکثریت پناہ گاہوں، قانونی معاونت اور دیگر خدمات سے متعلق ہے۔لیکن بہت سے معاملات میں یہ اقدامات محدود اور مختصر مدت کے رہے ہیں۔ اس سے بھی خطرناک بات یہ ہے کہ دوسرے ممالک پیچھے ہٹ رہے ہیں، قانونی تحفظات کو واپس لے رہے ہیں اور خواتین کو نشانہ بنانے کے لیے تشدد کا استعمال کیا جاتا ہے، جن میں انسانی حقوق کے محافظ بھی شامل ہیں جو اس پسپائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی وسعت اس ادراک کا باعث بنا ہے کہ اس کا خاتمہ کسی طرح ناگزیر یا ناممکن ہے۔ یہ اتنا ہی مکروہ اور خود کو شکست دینے والا ہے جتنا کہ یہ واضح طور پر غلط ہے۔ گذشتہ سال کے چیلنجوں کے باوجود اقوام متحدہ نے یورپی یونین کی جانب سے نمایاں مالی اعانت اور شراکت داری کے ساتھ یہ ثابت کیا ہے کہ تبدیلی ممکن ہے۔
2020 کے دوران خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے ا سپاٹ لائٹ انیشی ایٹو نے 25 ممالک میں قابل ذکر نتائج حاصل کیے ہیں۔ خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کے لیے 84 قوانین اور پالیسیاں اپنائی گئیں یا انہیں مضبوط بنایا گیا۔ مجرموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔لاک ڈاؤن اور نقل و حرکت کی پابندیوں کے باوجود تقریبا 650,000 خواتین اور لڑکیوں کی مدد کی گئی۔ روایتی رہنماؤں، مذہبی اداروں کے سربراہوں، مرد ٹیکسی ڈرائیوروں اور نوجوان گیمرز سمیت تقریبا نو لاکھ مرد اور لڑکے حل تلاش کرنے میں اتحادی بننے میں مصروف تھے۔ اور ان ممالک میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کی روک تھام اور اس کا جواب دینے کے لیے قومی بجٹ مختص کرنے میں 32 فیصد اضافہ ہوا جو مستقبل میں پائیداری کا واضح اشارہ ہے۔
پیرس میں ایک ثابت شدہ ماڈل کے ارد گرد اکٹھے ہو کر ہم اس بات کو یقینی بنانا شروع کر سکتے ہیں کہ لڑکیوں کی اگلی نسل سے صرف اس وجہ سے خوف کے ساتھ زندگی گزارنے کی توقع نہیں کی جائے گی کہ ہم نے عمل نہیں کیا تھا۔ وقت آنے پر اس وبا سے نمٹنے میں دنیا کو کیا صحیح اور غلط ملا اس کے بارے میں بہت سے سبق سیکھے جائیں گے۔سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہماری نصف آبادی کو درپیش یہ ذلت آمیز پوشیدہ وبا اب ختم ہو جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔