شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں،شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، عمران خان قوم کے ہیرو بن کر نکلیں گے ،شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز ہیں، ضمانت پر رہا ہوئے ہیں ،بری نہیں ہوئے، وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ۔ ایک انٹرویومیںانہوںنے کہاکہ ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں ہے، نواز شریف عدالتوں کو چکما دے کر بیرون ملک بھاگ چکے ہیں ،شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز ہیں، وہ ضمانت پر رہا ہوئے ہیں ابھی بری نہیں ہوئے، اگر شہباز شریف خود کو وزیراعظم عمران خان کے متبادل پر دیکھ رہے ہیں تو میں یہی کہوں گا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے وزیراعظم عمران خان کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کا مینڈیٹ دیا ہے اور وہ قومی دولت کی بازیابی کیلئے پر عزم ہیں۔ فیٹیف سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان نے فیٹیف کے 26 پوائنٹس پر پیشرفت کی ہے، امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے جوہر ٹائون دھماکے کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی سے را کا ایک بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے جو کراچی سمیت لاہور اور اسلام آباد کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور یورپ سمیت تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے، چین کیساتھ پاکستان کے تعلقات ہمالیہ سے بھی بلند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کسی کو بھی اپنے ملک کو دہشتگردی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو اڈے نہ دینے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا ہے افغانستان سے بھی مثبت فیڈ بیک آ رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاک فوج نے بڑی قربانیاں دے کر ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کیا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی سمت کی طرف گامزن کر دیا ہے اور ملک دشمن قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہیں تاہم پاک فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔