وفاق پیسہ دیکر کوئی احسان نہیں کرتا ،مرتضیٰ وہاب
شیئر کریں
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاق سندھ کو پیسہ دے کر کوئی احسان نہیں کرتا، یہ آئینی حق ہے۔ آڈیٹر جنرل ہر سال صوبوں کے فنڈز کا آڈٹ کرتا ہے، فواد چودھری کو کچھ بھی معلوم نہیں، صرف بیان بازی کرتے ہیں۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے پاس عوام کو دکھانے کے لئے کوئی کارکردگی نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ پروپگنڈے کا سہارا لیتے ہیں۔ سندھ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرکے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے۔ سندھ کے خلاف پی ٹی آئی سرکار کی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیںگے۔انہوں نے مزید کہا کہ فواد چودھری کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا فوبیا ہو گیا ہے۔ ماضی میں یہ موصوف پیپلز پارٹی کے گن گاتے نہیں تھکتے تھے، آج پی ٹی آئی کے تو عنقریب یہ کسی اور کے گن گا رہے ہونگے۔ حقائق کے برعکس بات کرنا ان کا وطیرہ بن چکا ہے کیونکہ انکے پاس بتانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچیس جولانی دو ہزار اٹھارہ کی سلیکشن کے بعد عمران خان نے قوم کو سہانے خواب دکھائے تھے جن میں سے آج تک کوئی پورا نہیں ہوا۔ آئی ایم ایف میں نہ جانے سمیت تین کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ مکانات اور تمام وعدے ہوا ہو گئے ہیں۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بد زبان، بدتہذیب اور اخلاق سے عاری لوگ جب سے اقتدار میں آئے ہیں پارلیمان کا ماحول خراب کیا ہوا ہے۔ انہیں پارلیمان اور نہ ہی جمہور سے کوئی سروکار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ان کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں کیونکہ وہ حقائق پر مبنی بات کرکے انہیں ٹف ٹائم دیتے ہیں، انہیں تو بس عثمان بزدار جیسے چپ رہنے والے افراد پسند ہیں جو ان کو جواب نہ دے سکیں۔