ایم کیوایم کی صوبائی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک شروع
شیئر کریں
ایم کیو ایم کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں سندھ حکومت کے خلاف رکشوں اور گاڑیوں پر بینرز آویزاں کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت شہری سندھ کے ساتھ زیادتیوں پر ایم کیو ایم پاکستان نے احتجاجی تحریک کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں کراچی سمیت اندرون سندھ زیادتیوں کے خلاف احتجاجی بینرز اور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔پہلے مرحلے میں ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ حکومت کے فیصلوں اور زیادتیوں کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں کے چوکوں اور چوراہوں پر احتجاجی بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، جب کہ رکشوں، ٹیکسیوں اور مسافر گاڑیوں پر بھی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ایم کیو ایم کے احتجاجی بینرز میں کراچی کے وسائل پر قبضہ ، کراچی پر ڈاکو راج نامنظور کے نعرے درج کئے گئے ہیں، اور جعلی ڈومیسائل پر بھرتیاں، کرپٹ اور غیر مقامی پولیس کی بے دخلی اور کراچی کو اس کے حصے کا پانی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوسرے حصے میں ریلیاں، مظاہرے اور وزیراعلی ہاؤس کا گھیرا بھی شامل ہے۔