شہباز شریف سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی درخواست تیار
شیئر کریں
وفاق نے شہباز شریف سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست تیار کر لی،(آج)سپریم کورٹ میں دائر کئے جانے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے متعلق ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں (آج)پیر کو دائر کئے جانے کاامکان ہے ،یہ پٹیشن 1973 کے آئین کے آرٹیکل 185 تھری کے تحت دائر کی جائے گی، جس میں سوال اٹھایا گیا کہ معزز فاضل جج متعلقہ محکمے کو بغیر نوٹس کیسے فیصلہ دے سکتے ہیں۔پٹیشن میں سوال اٹھائے گئے ہیں کہ کیا معزز فاضل جج بغیر نوٹس مدعا علیہ کو باہر جانے کی اجازت دے سکتے ہیں؟ متنازع سوالات ہوں تو کیا ملزم کی درخواست کو معزز سنگل جج کے ذریعے منظور کیا جا سکتا ہے ؟پٹیشن کے مطابق جب کسی فرد کو اربوں کی کرپشن کے متعدد مقدمات میں کریمنل ٹرائل کا سامنا ہو، تو ٹرائل کورٹس سے پیشگی اجازت یا بغیر اطلاع ملک چھوڑنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ؟پٹیشن میں کہا گیا کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست کچھ روز قبل ہائی کورٹ کے فاضل ججز نے خارج کی، کیا درخواست پر کسی مجاز میڈیکل بورڈ کی بغیر تصدیق اجازت دی جا سکتی ہے ؟پٹیشن میں استدعا کی گئی کہ ہائی کورٹ کے 7 مئی 2021 کے حکم کو معطل کیا جائے ، اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت دی جائے ۔