بحریہ ٹائون میں فائرنگ،اسسٹنٹ کمشنر،ایس ایچ اوگذاپ کوعہدے سے ہٹادیاگیا
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بحریہ ٹان اور مقامی لوگوں کے درمیان تنازعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ، جس پروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری طور پرگڈاپ کے اسسٹنٹ کمشنر ،مختیار کار اور ایس ایچ او کو عہدوں سے ہٹا دیااور ان کے خلاف تحقیقات کے احکامات جا ری کر دئیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے اپنے جاری ایک ویڈیو بیان میں کیا ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ مقامی لوگوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیاجائے گااوران سے کسی کوکسی قسم کی زیادتی ہونے نہیں دیں گے ، قانونی طور جس کا جو بھی حق ہو گا اس کو مکمل طور تحفظ دیا جائے گا ۔ اس سے قبل گذشتہ رات صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ، ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم جوکھیو، ممبر صوبائی اسمبلی سلیم بلوچ اورممبر صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو کے ہمراہ متاثرہ گوٹھ کے مکینوں سے ملنے سراج احمد گوٹھ پہنچ گئے اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور واقع کی مکمل تفصیلات معلوم کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر آئے ہیں،کسی کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے،جو بھی زیادتی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ علاقہ مکینوں کے ساتھ ہیں قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی،گوٹھ میں آباد لوگوں کے جو بھی خدشات ہیں وہ دور کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر سیدناصر حسین شاہ، ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم اور ممبر صوبائی اسمبلی سلیم بلوچ کے ہمراہ جناح اسپتال پہنچ کر گڈاپ واقعہ میں زخمی ہونے والے متاثرہ افراد کی عیادت کی۔انہوںنے زخمیوں کو علاج معالج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔