میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلزپارٹی اپنی راہیں جداکرنے کی خودذمہ دارہے ،مریم نواز

پیپلزپارٹی اپنی راہیں جداکرنے کی خودذمہ دارہے ،مریم نواز

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۵ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک دوسرے سے گندے کپڑے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ حقیقی تبدیلی عمران خان کے جانے سے آئے گی اس لئے وزراء کی بار بار تبدیلی کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، مسلم لیگ (ن) بازار میں خریدار بنے بغیر ہی بہت کچھ کر جائے گی ،میں انتہائی سوچ سمجھ کر اپنی حکمت عملی اور اہداف طے کرتی ہوں اور پیپلز پارٹی ہرگز میرا ہدف نہیں ہے ، پی ڈی ایم کی تحریک کی وجہ سے حکومت لرزتی رہی اور ابھی تک سنبھل نہیں سکی ، رمضان المبارک کے بعد کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور اب بھی پی ڈی ایم عوام کی توقعات کی ترجمانی کر ے گی ، نواز شریف خود وطن واپس آنے کے لئے بے چین ہیں لیکن جب یہ یقین ہو جائے گاکہ ان پر جان لیوا حملے نہیں ہوں گے وہ ایسی صورت میں پہلی فرصت میں ہی واپس آئیں گے ، جب نوازشریف سیاسی میدان میں ہوگا تو عمران خان ،سلیکٹڈ اور سلیکٹرز کا کوئی چانس ہی نہیں ہے ،کورونا وباء میں شدت کے باعث دورہ کراچی ملتوی کیا اور انشا اللہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے میں کراچی کا دورہ کروں گی، یاد رکھیں گھر سب کے ہوتے ہیں لیکن وقت سب کا نہیں ہوتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرویز رشید ، مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مریم نواز نے کہا کہ میری کراچی کی فلائٹ کنفرم تھی جہاں پر میں نے عوام کے پاس جاکر وقت گزارنا تھا،میں نے این اے 249کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کے ضمنی انتخاب کیلئے جانا تھا لیکن کرونا وباء میں بہت تیزی آگئی، میں نہیں چاہتی میری وجہ سے کسی کو کوئی تکلیف پہنچے اس لئے عوام کے تحفظ کیلئے کراچی کا دورہ منسوخ کیا،میرا دورہ عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی وجہ بن سکتاتھا، نوازشریف اور شہبازشریف کے مشورے پر دورہ کراچی منسوخ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حلقہ 249کے مسائل کا حل (ن) لیگ کے پاس ہی ہے، اگر کوئی جماعت کراچی کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہی ہے ، مسلم لیگ (ن)ماضی میں بھی کراچی کے مسائل حل کر چکی ہے ،جب کراچی میں دہشتگردی تھی تو مسلم لیگ (ن) نے امن کو بحال کیا، جس طرح پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں ترقیاتی کام کئے ہم چاہتے ہیں کراچی کی بھی تقدیر بنے، بلدیہ کے عوام کے مسائل جانتی ہوں ، مفتاح اسماعیل پڑھے لکھے شخص ہیں ، وہ اس سے پہلے اپنی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی عوام کی خدمت کر چکے ہیں ،مسلسل مفتاح اسماعیل کے ساتھ رابطوں میں رہی ہوں،حلقے میں پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،پوری امید ہے مفتاح اسماعیل کے حق میں فیصلہ آتا ہے تو عوام کے مسائل حل ہوںگے،وہ عوام سے جو وعدے کر رہے ہیں امید ہے ان کو مفتاح اسماعیل اور نوازشریف مل کر پورا کریں گے، کراچی کی عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ (ن) لیگ کو ووٹ دیں ،مسلم لیگ (ن)اور ترقی کو ووٹ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے نا اہلی بھی دیکھی ہے اور مسائل کا سامنا بھی کیا ہے اس لئے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ کریں ، کراچی معاشی سر گرمیوں کا حب ہے ، عوام کا دل نواز شریف کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عام انتخابات میں شہباز شریف جیت چکے تھے لیکن انہیں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا ،جنہیں دھاندلی کے ذریعے ملک پر مسلط کیا گیا ان کی کارکردگی عوام نے دیکھ لی ہے ، انہوں نے عوام کی خدمت کرنا تو دور کی بات عوام سے ان کے مسائل کے بارے میں پوچھنے کیلئے حلقے کا رخ ہی نہیں کیا ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں