29 سے زائد ارکان پارلیمنٹ کا جہانگیر ترین کی حمایت کااعلان
شیئر کریں
چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں تحقیقاتی ادارے کی تفتیش کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں 29 سے زائد ارکان پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک بڑا عشائیہ دیا، جس میں شریک رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، شرکا نے اعلان کیا کہ وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عشائیے میں شریک رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کو مسلسل غلط معلومات فراہم کیے جانے پر اظہار افسوس کیا۔ رہنماؤں نے عشائیے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کی دل آزاری ہو رہی ہے، نان الیکٹڈ لوگوں کی وجہ سے معاملات بگڑ رہے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ وہ پارٹی کے اندر کوئی فاروڈ گروپ نہیں بنا رہے ہیں، نہ ہی کوئی پریشرگروپ بنا رہے ہیں، ہم پارٹی کے اندر رہتے ہوئے انصاف کے لیے جدوجہد کریں گے، پارٹی میں ہیں اور اسی پلیٹ فارم سے قیادت سے مطالبہ کریں گے۔جہانگیر ترین کا بھی کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف میں ہیں، عشائیے سے متعلق انھوں نے کہا کہ دوستوں سے ملاقات اور کھانا چلتا رہتا ہے۔عشائیے میں بات کرتے ہوئے شیخ سلمان نعیم نے کہا اخلاقی حمایت کے لیے سب جہانگیر خان ترین کے ساتھ جائیں گے، جہانگیر ترین کے خلاف کون عناصر ہیں، انھیں سامنے لایا جائے، فارورڈ بلاک بنانے کا کوئی مقصد نہیں نہ کوئی ایسا پلان ہے، جہانگیر ترین پی ٹی آئی کو کوئی نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، وزیر اعظم کو دیکھنا ہوگا کہ کون سے عناصر پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں 29 ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شرکت کی، جن میں ایم این اے راجہ ریاض، ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ارکان قومی اسمبلی سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، ایم این اے جاوید وڑائچ، غلام لالی شامل تھے۔عشائیے میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے بھی شرکت کر کے جہانگیر ترین سے اظہار یک جہتی کیا، صوبائی وزیر اجمل چیمہ، مشیر عبدالحئی دستی بھی شریک ہوئے، امیر محمد خان، رفاقت گیلانی، فیصل جبوانہ، خرم لغاری، آصف مجید، اور بلال وڑائچ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔دیگر شرکا میں عمر ا?فتاب ڈھلوں، ایم پی اے طاہر رندھاوا، ایم پی اے امین چوہدری، غلام رسول، سجاد وڑائچ، ایم پی اے نذیر چوہان، سلمان نعیم، افتخار گوندل، سابق وزیر زوار وڑائچ، مہر اسلم بھروانہ شامل تھے۔جہانگیر ترین کے عشائیے میں پنجاب کے 2 وزرا شریک ہوئے، 5 مشیر و معاونین وزیرا علیٰ پنجاب بھی شریک ہوئے، عشائیے میں شریک ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 8، اور ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 14 رہی۔