میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سینیٹ انتخابات ، جہانگیر ترین کی حفیظ شیخ کو حمایت، پی ڈی ایم میں ہلچل

سینیٹ انتخابات ، جہانگیر ترین کی حفیظ شیخ کو حمایت، پی ڈی ایم میں ہلچل

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۱ فروری ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار)پی ڈی ایم سربرا ہ مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر سینیٹ انتخابات تک اتحادی جماعتوں کی جانب سے تمام تر اراکین اسمبلی کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی گئی، جہانگیر ترین کی حفیظ شیخ کو حمایت ملتے ہی اپوزیشن جماعتوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی جانب سے ناراض اراکین اسمبلی سے رابطے تیز کر دیے گئے۔ بلاول بھٹو نے شہباز شریف کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اتحاد میں شامل عوامی نیشنل پارٹی،بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ)،پاکستان مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی،جمعیت علمائے اسلام،پختونخوا ملی عوامی پارٹی اورنیشنل پارٹی نے اپنے اپنے اراکین اسمبلی کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے، جبکہ انہیں پی ڈی ایم اتحاد میں شامل جماعتوں کو چھوڑ کر سینیٹ انتخابات تک دوسری جماعتوں کے رہنماؤں سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اجلاس میں پی ڈی ایم اتحاد میں شامل تمام جماعتوں سے سینیٹ انتخابات میں یکجا ہو کر کردار اداکرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آ باد سے یوسف رضا گیلانی کی جیت کو یقینی بنانے سے متعلق بھی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، جس کے تحت سینیٹ انتخابات میں کامیابی کی صورت میں یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ بنائے جانے کے امکانات روشن ہیں۔واضح رہے حالیہ دنوں مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں وہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کا اعتماد حاصل کرنے میں بھی کافی حد تک کامیاب ہو چکے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایک مرتبہ پھر شہباز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت آ ئندہ چند روز میں وہ جیل انتظامیہ کو درخواست دینگے، بعد ازاں اجازت نامہ ملنے پر وہ قائد حزب اختلاف سے ملاقات کرینگے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں