منظور وسان کیخلاف نیب انکوائری پر پیشرفت رپورٹ طلب
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی عبوری ضمانت میں20مارچ تک توسیع کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملے میں نیب انکوائری پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے ۔منگل کودورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالتِ عالیہ کو آگاہ کیا کہ منظور وسان کے خلاف تحقیقات جاری رکھی جائیں گی۔نیب نے منظور وسان اور اہل خانہ کی جائیدادوں کا ریکارڈ مانگ لیادرخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 20 ماہ سے نیب تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ نہیں کر رہا، نیب نے کہا تھا کہ منظور وسان کے خلاف انکوائری بند کر رہے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کسی کے خلاف انکوائری بند کرنا یا نہ کرنا چیئرمین نیب کا کام ہے ، منظور وسان کے خلاف شواہد جمع کیئے جا رہے ہیں۔عدالتِ عالیہ نے آئندہ سماعت پر منظور وسان کے خلاف تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کو طلب کر لیا جبکہ انکوائری سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔سندھ ہائی کورٹ نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں بھی 20 مارچ تک توسیع کر دی۔