پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ لانے کیلئے سیاسی لابنگ شروع کر دی
شیئر کریں
(رپورٹ:شعیب مختار) وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں پی ڈی ایم کو رام کرنے میں ناکامی کے بعد پیپلز پارٹی نے اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کے لیے سیاسی لابنگ شروع کر دی، یوسف رضا گیلانی،سلیم مانڈوی والا اور رضا ربانی کے ناموں پر مشاورت شروع کر دی گئی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے لایا جائے گا، حکومتی اتحاد سے ناراض جماعتوں سے رابطے تیز کر دیے گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں اپوزیشن جماعتوں کو قائل کرنے میں پیپلز پارٹی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیَ اس ضمن میں گذشتہ روز ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم رہنماؤں کے درمیان نوک جھونک کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ مریم نواز،مولانا فضل الرحمن اور محمود اچکزئی کی جانب سے پی پی کی عدم اعتماد کی تجویز کی مخالفت سامنے آنے پر بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے جنہیں منانے میں پی ڈی ایم اتحاد کامیابی سے ہمکنار رہا ہے۔اپوزیشن اتحاد کو وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں 14 سے 16 ووٹوں کی ضرورت ہے جس پر تین بڑی جماعتوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات تک معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور نمبر گیم مکمل ہونے تک مزید انتظار کی تلقین کی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی ان ہاؤس تبدیلی کا مسودہ ناکام ہونے کے بعد سینیٹ انتخابات پر خاص توجہ دینے کو ضروری قرار دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ کی حکمراں جماعت نے آزاد امیدواروں سمیت حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، آئندہ چند روز میں پیپلزپارٹی کی سینئر رہنماؤں پر قائم کردہ کمیٹی حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کو یقینی بنائے گی، بعد ازاں ہونے والے رابطوں،چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ناموں سے متعلق پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔