جعلی حکومت کے ساتھ قومی ڈائیلاگ خارج از امکان ہیں ،فضل الرحمان
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے ساتھ قومی ڈائیلاگ خارج از امکان ہیں۔ انہوںنے بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلافات نہیں، استعفوں اور لانگ مارچ کی حکمت عملی طے کرنے لئے ہمارے پاس کافی وقت ہے ، حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کے ساتھ قومی ڈائیلاگ خارج از امکان ہیں، یہ جعلی اسمبلی ہے ، جعلی اسمبلی کو وقت پورا نہیں کرنے دیں گے ، عوامی مینڈیٹ کو پس پشت ڈال کر موجودہ اسمبلیاں وجود میں لائی گئیں، وزیراعظم نے پسپائی کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے ،نیشنل ڈائیلاگ کس سے کریں، جعلی حکمرانوں سے بات نہیں کریں گے ، آئین و قانون کے دائرے میں حکمت عملی پر متوجہ ہیں، سینیٹ الیکشن کے بارے میں فیصلے متفقہ ہیں، قوم کو ووٹ کی امانت واپس ملنی چاہئے ، جنوری کا پورا ماہ ہے ، آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مظاہروں کو نہیں روک سکتی، ملتان اور لاہور میں کوشش کی، لاکھوں کے اجتماع کو 4، 3 ہزار کا اجتماع ظاہر کرنے کی کوشش کی اور رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ، مقامی میڈیا کو زبردستی غلط رپوٹنگ کرائی گئی جسے انٹرنیشنل میڈیا نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں بربریت کی عجیب وغریب داستان رقم کی گئی، سانحہ مچھ اندوہناک واقعہ ہے ، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، حکومت کہتی ہے دہشتگردوں کو شکست دی، کہاں ہے وہ شکست؟