حیدرآباد سے لاپتہ لڑکی لیاری سے بازیاب
شیئر کریں
حیدرآباد پولیس کی کراچی کے علاقے لیاری میں کارروائی، لطیف آباد کی رہائشی لڑکی صبا بازیاب، لڑکی کو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا، ایس ایس پی حیدرآباد، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پولیس نے لطیف آباد کی رہائشی لڑکی کو کراچی لیاری سے بازیاب کرالیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ نے وومین تھانے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ 26 نومبر کو صبا نامی لڑکی لطیف آباد سے لاپتا ہوئی تھی اسے کراچی لیاری سے چھاپہ مار کر بازیاب کرایا گیا ہے، صبا نے پولیس کو بتایا کہ اس کی منصور نامی لڑکے سے انٹرنیٹ پر دوستی ہوئی تھی اور وہ اس کے عشق میں مبتلا ہو کر منصور کے پاس کراچی پہنچ گئی جہاں صبا کو شک ہوا کہ منصور کی نیت ٹھیک نہیں ہے تو اس نے موقع پاکر وہاں سے بھاگ کر ایک اور گھر پہنچی جہاں اس نے پناہ لی۔ لڑکی نے جس گھر میں پناہ لی تھی اس گھر کے سربراہ اسماعیل نے اپنی بیوی کی مرضی سے صبا سے دوسری شادی کرلی۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس منصور کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مجاہد کالونی کے رہائشی رانا نعمان علی نے لطیف آباد اے سیکشن تھانے پر رپورٹ درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے لڑکی کی بازیابی کیلئے کارروائی شروع کی، اس دوران مغوی لڑکی کے جن لڑکوں سے رابطے تھے، ان سے معلومات حاصل کی گئی اور انہیں شامل تفتیش کیا گیا، کراچی سے محمد شارق صدیق کو گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بازیاب کرائی گئی لڑکی کو آج عدالت میں پیش کیا جائیگا اور اس کا وہاں بیان ریکارڈ کراکر عدالت کے حکم پر منتقل کردیا جائیگا۔