محمود آباد نالہ پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن
شیئر کریں
کراچی کے علاقے محمود آباد میں نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف پیرکو آپریشن کیاگیا۔کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل آپریشن کی زیر قیادت پیرکومنظور کالونی سے کورنگی روڈ تک5۔3 کلو میٹر پر محیط رقبہ کے اطراف سافٹ آپریشن کاآغاز کیاگیاجو 4 روز تک جاری رہیگا۔اس موقع پر پولیس، رینجرز اور خواتین اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات تھی۔آپریشن میں متوقع مزاحمت کے پیش نظر دو واٹر کینین اور چار اے پی سی بھی موجود تھے۔ کارروائی میں واٹربورڈ ، ایس بی سی اے اور ریونیو بورڈ حکام بھی شریک ہیں۔ نالے کے اطراف 57 گھروں کی نشاندہی ہوئی ہے جن کو نوٹسز دیئے گئے ہیں اور انہیں جزوی طور پر مسمار کیا جائیگا۔ڈائریکٹر آپریشن انکروچمنٹ کے ایم سی نے کہا کہ سندھ حکومت کے منظور کردہ منصوبے کے تحت نالے کے درمیان آنے والی تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے ، نالے کی چوڑائی مختلف مقامات پر مختلف نوعیت کی ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا، بے گھر ہو گئے تو سڑک پر آجائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی منظور کالونی میں محمود آباد نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا۔ علاقہ مکینوں کے پتھرا سے پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ مشتعل مظاہرین نے کے ایم سی کی مشینری اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے تھے۔واضح رہے کہ کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے محمود آباد پر انسداد تجاوزات آپریشن کے لیے متعلقہ اداروں کو مراسلہ لکھا ہے، جس کے مطابق 4 جنوری سے 8 جنوری تک محمود آباد نالہ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔