میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیراعلیٰ سندھ استعفیٰ ٰ جمع کرائے بغیرامریکا روانہ

وزیراعلیٰ سندھ استعفیٰ ٰ جمع کرائے بغیرامریکا روانہ

ویب ڈیسک
پیر, ۱۴ دسمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی قیادت کی ہدایت پر اپنی استعفیٰ جمع نہیں کروائی اور امریکا روانہ ہوگئے،پیپلز پارٹی کے 85 ارکان سندھ اسمبلی نے استعفے جمع کروا دیئے ، صوبائی وزراء اور ایم پی ایزحکومت سندھ کے مستقبل کے بارے میں پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم کے فیصلے کے تحت اتحادی جماعتوں کو اسمبلی ارکان سے استعفے لینے کی ہدایت کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے تمام ارکان کو استعفیٰ چیئرمین سیکریٹریٹ میں آج پیر تک جمع کروانے کا حکم دیا تھا ، بلاول کے حکم پرسندھ اسمبلی میں پی پی کے 85 ارکان نے استعفے جمع کروادیئے ہیں جبکہ 11 میمبران نے ابھی تک استعفے جمع نہیں کروائے، استعفیٰ جمع کروانے والے ارکان میں سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی بھی شامل ہیں، امکان ہے کہ کچھ ارکان آج بلاول ہائوس میں استعفے جمع کروائیں گے۔استعفے جمع نہ کروانے والے ارکان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بلاول کی استعفیٰ جمع کروانے کی ہدایت کے وقت مراد علی شاہ کراچی میں موجود تھے لیکن استعفیٰ بلاول ہائوس میں جمع نہیں کروائی ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی استعفیٰ جمع نہ ہونے پرسوالات ہورہے ہیں اورخود پیپلز پارٹی ارکان حیرانگی کا اظہار کررہے ہیں، پی پی ارکان کے مطابق وہ مراد شاہ کی استعفیٰ جمع نہ ہونے اور آمریکا روانگی کے اسباب سے لاعلم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی استعفیٰ دینے کی ہدایت کے بعد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ہفتہ کی شب اچانک آمریکا روانہ ہوگئے ہیں ، مرادعلی شاہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ غیر ملکی دورے پر گئے ہیں لیکن وزیراعلیٰ سندھ کے دورے کا مقصد سامنے نہیں آیا، ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ میڈیکل چیک اپ کے لئے آمریکا روانہ ہوئے ہیں جبکہ ایک اہم صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ صحتمند ہیں اور ان کی صحت کے بارے میں افواہ بے بنیاد ہیں، مراد علی شاہ جلد وطن واپس آئیں گے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے مراد علی شاہ کی آمریکا روانگی کی تصدیق ایک دن بعد کی ہے اور کہا کہ مراد علی شاہ ایک ہفتے بعد واپس آجائیں گے۔ جبکہ پی پی کے صوبائی وزراء اور ایم پی ایزاستعفیٰ جمع کروانے کے بعد حکومت سندھ کے مستقبل کے بارے میں شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں