آکسیجن سلینڈر نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض دم توڑ گئے
شیئر کریں
خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کے باعث کورونا کے پانچ مریضوں سمیت 7 افراد دم توڑ گئے ۔ترجمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق گزشتہ شب روالپنڈی سے آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے کورونا کے پانچ مریضوں سمیت 7 افرادجاں بحق ہوگئے ۔ترجمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال نے بتایا کہ سردی میں مریضوں کو آکسیجن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے ، تاہم آکسیجن ختم ہونے پر سنٹرل آکسیجن سے سپلائی تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ ہسپتال کے ترجمان فرہاد خان نے آکسیجن نہ ملنے کے باعث 6 افراد کی اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس میں 5 کورونا وارڈ کے اندر تھے جبکہ ایک میڈیکل آئی سی یو میں تھا تاہم میڈیا رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد سات ہے ۔ ترجمان نے بتایاکہ 3 مریض ایسے ہیں جن کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ وہ گھروں میں گئے ہیں یا دوسرے ہسپتال میں تاہم ان کا ڈیٹا ابھی ہمیں نہیں ملا۔ہسپتال میں صورتحال کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس بیک اپ کے طور پر بھی آکسیجن موجود ہے اور اسٹور میں سپلائی ہونے کے باعث نقصان اتنا زیادہ نہیں ہوا۔قبل ازیں اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات یہ واقعہ پیش آیا، جس میں ایک کمپنی کی جانب سے ناگزیر وجوہات کے باعث آکسیجن سلنڈر کی فراہمی بروقت نہیں کی گئی۔ترجمان کے مطابق خیبرٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ بستر مختص کیے گئے ہیں اور ہمارے پاس 106 کورونا کے بستر موجود ہیں جبکہ ان پر موجود ہر مریض تقریباً آکسیجن پر انحصار کرتا ہے ، جس کی وجہ سے ہماری طلب زیادہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک، دو مہینے سے ہمارے آکسیجن فراہم کرنے والے مرکزی ٹینک کو 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار لیٹر کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ ہمارے پاس 100 کے قریب آکسیجن سلنڈر اسٹینڈ بائے پر موجود تھے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ جو آکسیجن کی فراہمی ہے یہ ایک کمپنی کی طرف سے ہورہی ہے جبکہ موجودہ سیزن میں طلب بہت زیادہ ہے تاہم کمپنی کی جانب سے کوشش کی جاتی ہے کہ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے لیکن گزشتہ شب کچھ ناگزیر وجوہات کے باعث وقت پر فراہمی نہیں ہوسکی اور اس وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوںنے کہاکہ خوش قسمتی سے ہمارے پاس موجود 100 سلنڈر سے ہم نے فوری طور پر کووڈ وارڈ و دیگر میں آئی سی یوز کو فراہم کیں،جس کی وجہ سے اموات بہت کم ہوئیں۔ترجمان کے مطابق آکسیجن کی فراہمی تاخیر کی وجوہات سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹس میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ شب خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی فراہمی کی کمی کا واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے بورڈ آف گورنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر انکوائری کرے اور 48 گھنٹوں میں کارروائی کی جائے ۔ وزیر صحت نے لکھا کہ اگر یہ غیرمطمئن پائی گئی یا دیگر ضرورت ہوئی تو حکومت فوری طور پر ایک آزادنہ انکوائری کا حکم دے گی۔تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ تمام حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے گا، تاہم میری درخواست ہے کہ سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ معلومات نہ پھیلائی جائیں۔انہوں نے لکھا کہ صحت کے نظام، اس کی سروس اور احتساب اور شفافیت کے اس کے نظام میں بہتری کے لیے کسی بھی معاملے کو نامکمل نہیں چھوڑا جائے گا۔