انڈے ، مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر
شیئر کریں
شہر قائد میں انڈے اور مرغی کی ہول سیل خرید و فروخت کا طریقہ کار مقرر کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انڈوں اور مرغی کی مہنگائی کی روک تھام کے لیے کراچی انتظامیہ نے اقدامات شروع کر دیے، اس سلسلے میں انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت کے لیے ایک طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے مرغی اور انڈوں کی مہنگائی کی روک تھام اور اور ان کی قیمت ہول سیل میں شفاف طریقے سے مقرر کرنے کے لیے ہول سیل خرید و فروخت کے اوپن آکشن کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔اس طریقہ کار کے تحت مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت کو مارکیٹ کمیٹی کے قواعد اور طریقہ کار سے مشرو ط کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا جو 10 دسمبر سے نافذالعمل ہوگا۔نوٹی فکیشن کے مطابق بغیر اوپن آکشن مرغی اور انڈوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی، ہول سیل اوپن آکشن صرف نیو سبزی منڈی میں ہو سکیگا، ڈیلر، خریدار یا کوئی اور مارکیٹ کمیٹی کے قواعد پر عمل کا پابند ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضروری اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام سے متعلق ایکٹ مجریہ 2005 کے سیکشن 3 کے تحت حاصل اختیارات کے رو سے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا رہا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انڈوں، مرغی اور مرغی کے گوشت کی خرید و فروخت صرف نیو سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کے قواعد کے تحت اوپن آکشن کے ذریعے ہو سکے گی۔تمام ڈیلرز، خریدار اور ہر شخص اس طریقہ کار کے تحت خرید و فروخت کا پابند ہوگا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا جا رہا ہے۔