ملتان،قاسم باغ رات بھر میدان جنگ بنا رہا
شیئر کریں
پی ڈی ایم کے 30 نومبر کو ہونے والے جلسے سے ایک روز قبل ملتان کا قاسم باغ اسٹیڈیم رات بھر میدان جنگ بنا رہا، پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکن اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے، ہاتھ سینکتے اور گپیں لڑاتے پی ڈی ایم کارکنان، کنٹینر ہٹانے کیلئے کرین لے کر پہنچے تو اسٹیڈیم میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا جس سے کئی کارکن زخمی ہوگئے جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا،کارکنان کے اسٹیڈیم سے چلے جانے کے بعد کیٹرنگ والے شامیانے، کرسیاں اور دیگر سامان واپس لے گئے۔اس سے پہلے پیپلز پارٹی اور (ن )لیگ کے کارکن قاسم اسٹیڈیم کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے تھے اور انہوں نے کنٹینر ہٹا دئیے تھے۔قاسم باغ اسٹیدیم کے داخلی راستے پر دوبارہ کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پی ڈی ایم کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملتان جلسہ ہو کر رہے گا۔اسٹیڈیم کے تالے توڑنے پر پولیس نے پی ڈی ایم کے 70 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ جلسے کے لیے کیٹرنگ کا سامان دینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور متعدد گوداموں کو بھی سیل کرکے مقدمات درج کر لیے۔کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔