پی ڈی ایم اجلاس ،ملک بھر میں حکومت مخالف تحریک جار ی رکھنے کا فیصلہ
شیئر کریں
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے بننے والی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے اجلاس میں ملک بھر میں حکومت مخالف تحریک جار ی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پی ڈی ایم کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت مولانا فضل الرحمن نے کی۔اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری و سابق صدر آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اپوزیشن جماعتوں نے ملک بھر میں حکومت کے خلاف جلسوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کریں گی۔پی ڈی ایم اجلاس میں اپوزیشن جماعتیں 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے پر متفق ہوگئیں۔اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وہی فیصلہ ہوگا جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کیا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس نواز شریف کا بیانیہ قبول کرنے کے علاوہ راستہ کیا ہے؟۔ایک سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ کسی کا نام لینا یا نہ لینا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، میڈیا نے اس کو مسئلہ بنا دیا ہے ،سب جانتے ہیں جب اسٹیبلشمنٹ کا نام لیا جاتا ہے تو کون مراد ہوتے ہیں ۔ہم اداروں کا احترام کرتے ہیںاگر سیاستدانوں میں ایک شخص کا نام لیا جاسکتا ہے ،وزیر اعظم کا نام لیا جاسکتا ہے ، صدر مملکت کا نام لیا جاسکتا ہے اور ادارے کے کسی اور فرد کا نام بھی لیا جاسکتا ہے لیکن ایسی کوئی جرم کی بات نہیں ہے بہر حال ہم اس حوالے سے حقیقت پسندی کی طرف جاناچاہتے ہیں ۔، کراچی واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر اور فارن فنڈنگ کیس میں التواء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ساری دنیا کو چور کہا جارہاہے ، عدالتوں اور نیب میں گھسیٹا جارہا ہے اور خود کے اوپر دائر مقدمات التواء کا شکار ہوتے جارہے ہیں ، دال میں سب کچھ کالاہی ہے ، جنرل (ر)عاصم باجوہ اور جہانگیر ترین کی کرپشن بارے اٹھنے والے سوالات پر حکومت کی خاموشی کرپشن کو تحفظ دینے کے مترادف ہے۔