حیدرآباد بلڈر ٹائیکون عارف بلڈرز کیخلاف تحقیقات ٹھپ
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) حیدرآباد کے بلڈر ٹائیکون عارف بلڈرز کے خلاف تحقیقات ٹھپ۔ اینٹی کرپشن نے دو سال قبل عارف بلڈرز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا، عارف بلڈرز اینڈ ڈوولپرز کی کئی اسکیمیں تاحال نامکمل، الاٹیز کے کروڑوں روپے ڈوب چکے، اینٹی کرپشن نے رفاحی پلاٹوں پر قبضے، الاٹیز کو قبضہ نہ دینے و دیگر الزامات کے تحت انکوائری شروع کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے بلڈر ٹائیکون عارف بلڈرز اینڈ ڈوولپرز کے خلاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات منطقی نتیجے سے پہچنے سے قبل ٹھپ ہوچکی ہے، دو سال قبل اینٹی کرپشن نے الاٹیز سے فراڈ اور رفاحی پلاٹس پر تعمیرات کرنے پر حیدرآباد عارف بلڈر اینڈ ڈوولپرز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس سلسلے میں اینٹی کرپشن نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر، حیدرآباد ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اور مختیار کار قاسم آباد کو لیٹر جاری کرتے ہوئے عارف بلڈرز کے الکریم اسکوائر، الرحیم ٹاورز، قادر اسکوائر، اول اسکوائر، مصطفٰی بنگلوز، صادق لیونا، کوہسار سٹی، نقاش ولاز، الرحیم گارڈن سمیت 14 اسکیمز کا ریکارڈ طلب کیا تھا، ذرائع کے مطابق مذکورہ اسکیموں سے کئے ابھی تک نامکمل ہیں اور الاٹیز کے کروڑوں روپے ڈوب چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عارف بلڈرز نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے رفاحی پلاٹس پر پلازہ تعمیر کروائے تھے اور پروجیکٹس میں سنگین بے قاعدگیوں کے الزامات بھی تھے۔