عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، موجودہ حکومت غیر آئینی ہے مولانا فضل الرحمن
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں غیراعلانیہ مارشل لاء ہے، کراچی میں آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو یرغمال بنا کر ایف آئی آر درج کرائی گئی،موجودہ حکمرانی آئینی نہیں ہے لہٰذا یہ جدوجہد ملک میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کے لیے ہو رہی ہے، عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، اداروں کی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں ہونی چاہے۔نواب شاہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملکی صورتحال سب کے سامنے ہے اور ہم گزشتہ دو سال سے دیکھ رہے ہیں کہ سب لوگ پریشان ہیں۔ ایک سال قبل ملین مارچ اور آزادی مارچ ہوا تھا تاہم اب پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر تمام جماعتیں ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ ایونٹ کے تحت پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں کیا، دوسرا کراچی میں کیا اور اس میں عوام کی شرکت بڑی تاریخی تھی اور عوام کی اس رائے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا ماننا ہے کہ ان کا ووٹ چوری کیا گیا، ان کی امانت پر ڈاکا ڈالا گیا اور آج جدوجہد ملک میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کے لیے ہو رہی ہے کیونکہ موجودہ حکمرانی آئینی نہیں ہے، ایک ایسی حکمرانی کے لیے یہ جدوجہد ہو رہی ہے جس میں عوام کی شراکت کا تصور ہو اور عوام پر مسلط کیے جانے کی حکمرانی کا تصور ختم کردیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ہماری تحریک اور تحریک کے بنیادی مقاصد وہ پوری قوم پر واضح کر رہے ہیں، یہاں سے ہم کوئٹہ جائیں گے، وہاں بھی یہی مناظر ہوں گے اور اس کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں بھی جائیں گے۔مولانافضل الرحمن نے کہاکہ یہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کی بقا کی جنگ ہے، اس میں تمام طبقے شریک ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد دوبارہ انتخابات کرانے کے لیے ہے، ہم صوبوں کے اختیارات کے علمبردار ہیں۔ صوبائی اختیارات میں مداخلت نہیں ہونی چاہیئے۔