ہالینڈ،کورونا وائرس کا دو بار شکار ہونے والی پہلی خاتون ہلاک
شیئر کریں
عالمی وبا کورونا وائرس کی دو بار تشخیص کے بعد ہلاکت کی پہلی خبر سامنے آئی ہے ، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو مرتبہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والی 89 سالہ ڈچ خاتون چل بسیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماہرین کا کہنا تھا کہ 89 سالہ خاتون جنہیں ایک مخصوص قسم کا بون میرو کینسر تھا رواں سال کے شروع میں شدید کھانسی اور بخار کے بعد اسپتال میں زیر علاج رہی تھیں۔مریضہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، کورونا کی تشخیص کے پانچ دن بعد معمر خاتون کو کورونا وائرس کی کوئی علامات سامنے نہ آنے پر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔اسپتال سے گھر منتقلی کے وقت مریضہ صرف تھکن محسوس کر رہی تھیں، ڈاکٹرز کے مطابق دو ماہ بعد کینسر کے علاج کے دوران ہونے والی کیموتھراپی کے باعث انہیں کھانسی، بخار اور سانس لینے میں تکلیف جیسے مسائل پیش آنے لگے تھے ۔عالمی وبا کورونا وائرس کی پہلی تشخیص کے 2 ماہ بعد وہ خاتون کیموتھراپی کے لیے اسپتال گئیں، جہاں انہیں بخار، کھانسی سمیت سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔کورونا کے دوسرے ٹیسٹ میں یہ نتیجہ آیا کہ وہ خاتون ایک بار پھر کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جبکہ 2 اینٹی باڈی ٹیسٹ نیگیٹو رہے ۔دوسری بار کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے 8 دن بعد خاتون کی طبیعت کافی خراب ہوگئی اور 2 ہفتے بعد وہ انتقال کرگئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی کے بارے میں کورونا وائرس سے دوسری بار متاثر ہونے کے بعد ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔اس سے قبل ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے شخص دنیا میں دوسری بار کورونا سے متاثر ہونے والے پہلے انسان تھے ۔