مولانا عادل کی نمازِ جنازہ ادا، والد کے پہلو میں سپرد خاک
شیئر کریں
جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ مولانا عادل کو والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا ،نمازہ جنازہ میں علمائے کرام کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔مولانا عادل شہید اور ان کے ڈرائیور مقصود کی نمازِ جنازہ صبح جامعہ فاروقیہ فیز 2حب ریور روڈ میں ادا کی گئی۔نمازِ جنازہ میں علمائے کرام کے علاوہ جامعہ فاروقیہ کے اساتذہ، طلبہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ مولانا عادل کے بڑے بھائی عبید اللہ خالد نے پڑھائی، مولانا عادل کو ان کے والد مولانا سلیم اللہ خان کے پہلو میں دفن کیا گیا ۔مولانا عادل خان شہید کی نمازِ جنازہ میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا راشد محمود سومرو، شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی، مولانا رفیع عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان نعیم و دیگر علما نے بھی مولانا عادل خان شہید کی نمازِ جنازہ ادا کی۔واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں دہشت گردوں نے گھات لگا کر مولانا عادل خان کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور شہید ہو گئے تھے ۔