کراچی پیکج کی نگرانی کیلئے 10رکنی کمیٹی قائم
شیئر کریں
1100ارب روپے کے کراچی تر قیاتی پیکج پر عملدرآمد کروانے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں 10رکنی صوبائی رابطہ اور عملدرآمد کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمیٹی کی شتکیل کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم بھٹو کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں چیف سیکرٹری سندھ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ ، پاک فوج کی فائیو کور ہیڈکوارٹرز کے نمائندے، کمشنر کراچی، ایڈمنسٹر کراچی، این ڈی ایم اے کا نمائندہ، وفاقی حکومت کے نمائندے، سیکرٹری لوکل گورنمٹ سندھ ، سیکرٹری ماس ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سندھ بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ کمیٹی پیکج کے ترقیاتی منصوبوں پر تکمیل اور مانیٹرنگ کرے گی، پیسے خرچ کرنے کے حوالہ سے بھی یہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ کمیٹی ترقیاتی پیکج کا ریکارڈ تیارکرے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ترقیاتی پیکج پر عمل اور تبدیلیوں کااستحقاق بھی کمیٹی کے پاس ہو گا۔ نوٹیفیکیشن میں کمیٹی کے قیام کے حوالہ سے شرائط و ضوابط بھی جاری کئے گئے ہیں ۔کمیٹی کے تمام ارکان مل کر کراچی شہر کی ترقی کے لئے کام کریں گے ۔ کمیٹی کراچی کی بہتری اور بحالی کے لئے ہونے والے کاموںکی مانیٹرنگ کے حوالہ سے وفاقی حکومت کے ساتھ کوآرڈینیشن کا کام کرے گی۔